• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

لاہور: پیپلز پارٹی کارکن بابر سہیل بٹ قتل

شائع March 13, 2017

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کارکن بابر سہیل بٹ کو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر قتل کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مناواں کے علاقے لکھو ڈیر میں یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا، جب بابر بٹ اپنے گھر میں کھانا کھا رہے تھے کہ ملزمان نے گھر میں گھس کر ان پر گولیاں برسا دیں۔

بابر سہیل بٹ کو شدید زخمی حالت میں سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق بابربٹ کے دست راست عاطف عرف عاطی نے ملزمان کو مخبری کی، تاہم پولیس کے مطابق مزید حقائق مکمل تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

مقتول نے 2013 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی ایس 157 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا، جبکہ وہ پیپلز پارٹی سے منسلک پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (پی وائی او) کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بابر بٹ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قتل کے اصل محرکات سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بابر سہیل بٹ کے قتل کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے لکھا، 'وہ ابھی تک ہمیں خاموش کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور ملوث افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024