• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کرکٹ نے قوم کو آپس میں جوڑ رکھا ہے: آرمی چیف

شائع March 11, 2017
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ میجر جنرل آصف غفور ٹوئٹر
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ—۔فوٹو/ بشکریہ میجر جنرل آصف غفور ٹوئٹر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ پاکستان کا سب سے زیادہ پسندیدہ کھیل ہے جس نے پوری قوم کو آپس میں جوڑ رکھا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کے ٹوئٹر پیغام کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔

آرمی چیف نے پشاور زلمی کی ٹیم اور انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر پی ایس ایل انتظامیہ، تمام ٹیموں اور مینجمنٹ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایس ایل فائنل میں حصہ لینے والے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھی خصوصی طور پرشکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف نے کھلاڑیوں سے کہا کہ امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

پشاور زلمی کی ٹیم اور انتظامیہ کا آرمی چیف کے ساتھ گروپ فوٹو—۔فوٹو/ بشکریہ میجر جنرل آصف غفور ٹوئٹر
پشاور زلمی کی ٹیم اور انتظامیہ کا آرمی چیف کے ساتھ گروپ فوٹو—۔فوٹو/ بشکریہ میجر جنرل آصف غفور ٹوئٹر

اس موقع پر پشاور زلمی کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے آرمی چیف کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے آرمی چیف کی ٹپس اور مشوروں پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور جنرل قمر باجوہ کو یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان کے سپاہی ہیں اور امن اور قومی ہم آہنگی کے فروغ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے ملک میں امن و استحکام لانے کے سلسلے میں پاک فوج کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

مزید پڑھیں:پشاورزلمی کی ٹیم پی ایس ایل چمپیئن بن گئی

یاد رہے کہ رواں ماہ 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فائنل میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیدی ایٹرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چمپیئن کا سہرا سجا لیا تھا۔

فائنل میچ کے لیے صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جس میں پاک فوج نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024