• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پی ایس ایل فکسنگ:عرفان،شاہ زیب تحقیقات کیلئے طلب

شائع March 10, 2017 اپ ڈیٹ March 11, 2017
محمد عرفان نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
محمد عرفان نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے فاسٹ باؤلر محمدعرفان اور شاہ زیب حسن کو طلب کر لیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق'محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پی ایس ایل کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے پیش ہونے کا نوٹس بھیج دیا گیا ہے'۔

دونوں کھلاڑی اگلے ہفتے پی سی بی کے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوں گے اور کھلاڑیوں اسپاٹ فکسنگ میں مبیبہ طورپر بکیز سے رابطوں کے حوالے سے سوالات پوچھے جائیں گے۔

پی سی بی کے ڈائرکٹر میڈیا امجد حسین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'محمد عرفان پیر کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ شازیب حسن منگل کو پیش ہوں گے'۔

امجد حسین کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن یونٹ دونوں کھلاڑیوں سے سوال جواب کے بعد چارج شیٹ کا فیصلہ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ 'دونوں کھلاڑیوں کو ان کے خلاف انکوائری اورثبوت کے حوالے سے جواب دینا پڑے گا اور پی سی بی ان کے خلاف چارج شیٹ تیار کرے گا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خالد لطیف اورشرجیل خان کے خلاف ٹریبیونل کی تفتیش اگلے ہفتے متوقع ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے افتتاحی میچ کے بعد لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا الزام دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔

پی سی بی کے نوٹس پر دونوں کھلاڑیوں نے الزامات کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے تحقیقات کے لیے سابق جج کی سربراہی میں تین رکنی ٹریبیونل قائم کر دیا ہے۔

قبل ازیں پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پہلے میچ سے قبل اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے اطلاعات تھیں تاہم کھلاڑیوں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے پہلا میچ کھیلنے دیا گیا جہاں ان سے توقعات کے مطابق غلطی سرذد ہوئی۔

اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر محمد عرفان، کراچی کنگز کے شازہب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرز کے ذوالفقار بابر سے پوچھ گچھ کی اطلاعات تھیں تاہم انھیں پی ایس ایل کے میچوں میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ

دوسری جانب فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پی ایس ایل کے سپاٹ فکسنگ معاملے پر اپنی ابتدائی رپورٹ وزیرِ داخلہ کو پیش کردی ہے۔

ابتدائی رپورٹ میں پی ایس ایل کے دوران سپاٹ فکسنگ کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے امکان سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ معاملہ محض چند کھلاڑیوں کے ذاتی فعل اور بد عنوانی کا ہی نہیں بلکہ ایسی خبروں سے ملک کی نیک نامی متاثر ہوتی ہے لہٰذا اس مسئلے کی مفصل اور ہر زاویے سے تحقیقات ضروری ہیں۔

وزیرِ داخلہ نے ایف آئی اے کو کسی دباؤ یا اثر و رسوخ سے متاثر ہوئے بغیر معاملے کی مکمل طور پر غیر جانبدارای کے ساتھ تفتیش کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024