• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

جہلم : بھکاری کے روپ میں مشتبہ 'دہشت گرد' گرفتار

شائع March 8, 2017

راولپنڈی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھکاری کے روپ میں مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرکے راولپنڈی اور جہلم کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشتبہ دہشت گرد کے قبضے سے پانچ کلو سے زائد بارودی مواد برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈومیلی موڑ پر ایک فقیر کو مشکوک جان کر تلاشی لی تو اس کے بازو کے ساتھ لٹکتے ہوئے تھیلے سے مبینہ طور پر پانچ کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، تاریں، چاقو اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: صوابی میں فوج کا آپریشن، 5 'دہشت گرد' ہلاک

مبینہ دہشت گرد کا نام محمد طاہر عرف ابو جندال بتایا گیا ہے جس کا تعلق بہاولنگر سے ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ راولپنڈی ڈویژن میں تخریب کاری کا ارادہ رکھتا تھا۔

بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشت گردی، بارودی مواد اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ 22 فروری کو پاک فوج نے ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: دہشت گردوں کا 'مخبر' پولیس اہلکار گرفتار

آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکیورٹی اجلاس میں کیا گیا تھا اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس آپریشن کو شروع کرنے کا مقصد ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا، بارودی مواد کو قبضے میں لینا، ملک بھر میں دہشت گردی کا بلاامتیاز خاتمہ اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

22 فروری کو ہی وزارت داخلہ نے پنجاب میں رینجرز کو 60 روز کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔

پاک فوج کی جانب سے اعلان کردہ آپریشن ’رد الفساد‘ کا عملی طور پر آغاز 23 فروری کو ہی کردیا گیا تھا اور سب سے پہلے راولپنڈی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی تھی۔

اس کارروائی کے نتیجے میں 13 افغان باشندوں سمیت 40 مشکوک افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا تھا جبکہ ان کے قبضے سے بڑے پیمانے پر ہتھیار بھی برآمد کیا گیا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024