تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف آپریشن شروع
راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ملک گیر آپریشن کا آٖغاز کردیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق طلبہ کو منشیات فراہم کرنے والے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان سے 4 کلو منشیات، 4 کلو 15 گرام ہشیش، 270 گرام ہیروئن، 80 گرام آفیم، 25 گرام آئس اور 80 گرام دیگر نشہ آور پاؤڈر بھی برآمد کرلیا گیا۔
ملزمان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور ملتان سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں کارروائی کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ اینٹی نارکوٹکس فورس پولیس تھانوں میں مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
یہ خبر 5 مارچ 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی