پشاورزلمی کی کراچی کنگز کو شکست

شائع March 3, 2017 اپ ڈیٹ March 4, 2017
پشاورزلمی فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
پشاورزلمی فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
کامران اکمل نے پی ایس ایل 2017 کی پہلی سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
کامران اکمل نے پی ایس ایل 2017 کی پہلی سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
تیسرے پلے آف کی فاتح ٹیم فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے مدمقابل ہوگی—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
تیسرے پلے آف کی فاتح ٹیم فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے مدمقابل ہوگی—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جہاں ان کا مقابلہ 5 مارچ کو لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

پی ایس ایل کے تیسرے پلے آف میں پشاورزلمی نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر ایک مشکل ہدف دے دیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے لیے بابراعظم اور کرس گیل میدان میں آئے لیکن ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں ان کا آغاز ناقص ثابت ہوا اور بابراعظم کو دوسرے اوور کی پہلی گیند میں کرس جارڈن نے باآسانی آؤٹ کرکے پہلی کامیابی دلادی۔

کپتان کمارسنگاکارا بھی زیادہ پراعتماد نہیں دکھائی دیے اور صرف دو رنز کے اضافے کے بعد وہاب ریاض کو وکٹ دے بیٹھے جس کے بعد کرس جارڈن نے شعیب ملک کو آؤٹ کرکے پشاورزلمی کو تیسری کامیابی دلا دی۔

روی بوپارہ آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جو 6 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد آنے والے بلے باز کیرون پولارڈ کے ایک زور شاٹ کو کیچ کرنے میں آفریدی ناکام رہے اور ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔

شاہد آفریدی زخم آنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے—فوٹو: ڈان نیوز
شاہد آفریدی زخم آنے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے—فوٹو: ڈان نیوز

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں شاہد آفریدی کے ہاتھ میں 12 ٹانکے ہیں۔

وہاب ریاض نے بلند وبالا چھکے لگانے والے کرس گیل کی وکٹیں اڑا کر اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلادی جو کراچی کنگز کی گرنے والی پانچویں وکٹ تھی۔

گیل 40 رنز بنا کر کراچی کنگز کو میچ میں واپس لانے میں کسی حد تک کامیاب ہوئے تھے لیکن وہاب ریاض نے 80 کے مجموعے پر ہی کراچی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

کیرون پولارڈ اور عماد وسیم نے ایک بہترین شراکت کے ذریعے اسکور کو 142 رنز تک پہنچا دیا اس دوران پشاورزلمی کی پریشانی میں اضافہ ہوا تھا تاہم وہاب ریاض نے جارحانہ بلےبازی کرنے والے پولارڈ کو وکٹوں کے پیچھے کامران اکمل کے ہاتھوں آؤٹ کرکے بڑی وکٹ گرادی۔

پولارڈ 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عماد وسیم کو کرس جارڈن نے آؤٹ کیا جنھوں نے 24 رنز بنائے تھے۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا لیے اور انھیں 24 رنز سے شکست ہوئی۔

پشاورزلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور کرس جارڈن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

کامران اکمل کو شاندار بلےبازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پشاورزلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کامران اکمل نے محمد عامر کی ابتدائی دوگیندوں میں چوکوں کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلے اوور میں دس رنز بنائے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔

کامران اکمل نے 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

کراچی کنگز کے سہیل خان نے 97 رنز پر پشاورزلمی کی پہلی وکٹ گرادی جب ڈیوڈ ملان 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد مارلن سیمیولز بیٹنگ کے لیے آئے اور ٹیم کی سنچری بھی مکمل ہوگئی۔

کامران اکمل نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رواں سیزن کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے اپنی پہلی سنچری مکمل کرلی جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 4 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کرلیا۔

پی ایس ایل کے گزشتہ سال کے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان نے سنچری بنائی تھی جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کی پہلی سنچری تھی جبکہ اس مرتبہ یہ ریکارڈ کامران اکمل نے حاصل کیا۔

کراچی کنگز نے آخری اوور میں کامران اکمل کو آؤٹ کردیا جب تک وہ 104 رنزبنا کر ٹیم کو 174 کی ایک مضبوط پوزیشن پر لاچکے تھے۔

شاہد آفریدی آخری اوور میں بیٹنگ کے لیے آئے مگر محمد عامر ان کو صفر میں آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے، آفریدی ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بابراعظم کا کیچ بنے۔

پشاورزلمی کامران اکمل کی شاندار سنچری کے باوجود 200 رنز نہ بنا سکے تاہم ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوئے۔

پشاورزلمی نے مقررہ اوورمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے تھے۔

مارلن سیمیولز 37 اور ڈیرن سیمی صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاورزلمی نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، بلےباز حارث سہیل کو باہر بٹھا کر نئے کھلاڑی خوش دل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا ۔

کراچی کنگز نے دوسرے پلے آف میں دفاعی چمپیئن کو شکست دینے والی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے پلے آف میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاورزلمی کو ایک رن سے شکست دے کر براہ راست فائنل میں جگہ بنا دی تھی جبکہ کراچی کنگز نے دوسرے پلے آف میں گزشتہ سال کی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 126 رنز کا دفاع کرتے ہوئے 44 رنز سے شکست دی تھی۔

تیسرا پلے آف میں کامیابی کے ساتھ ہی پشاورزلمی نے فائنل میں جگہ بنائی جہاں اس کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، محمد حفیظ، ڈیوڈ ملان، کامران اکمل، خوش دل شاہ، مارلن سیمیولز، شاہد آفریدی، حسن علی، محمد اصغر، کرس جارڈن، وہاب ریاض

کراچی کنگز: کمار سنگاکارا(کپتان)، کرس گیل، بابر اعظم، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، روی بوپارا، عماد وسیم، سہیل خان، محمد عامر، اسامہ میر، عثمان شنواری۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025