• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

پی ایس ایل فائنل :'پاکستان کی عزت پر حرف نہیں آنے دیں گے'

شائع March 1, 2017
شہباز شریف کی صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا—فوٹو بشکریہ: حکومتِ پنجاب/ٹوئیٹر
شہباز شریف کی صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا—فوٹو بشکریہ: حکومتِ پنجاب/ٹوئیٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی خواہش ہے اور فائنل کے انعقاد میں انہیں وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔

کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا پی ایس ایل فائنل کے لیے متعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں گے اور یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے سکییورٹی اوردیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ بصیرت کے ساتھ میچ کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے گا اور ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے شائقین کو ٹکٹوں کی دستیابی کے حوالے سے اوور چارجنگ کی شکایت کے حل کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات دیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے اعلان کے بعد شائقین کرکٹ کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے اور لوگ ٹکٹ کے حصول کی دوڑ میں مصروف ہیں۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق فائنل کے تمام آن لائن ٹکٹس بارہ بجے سے پہلے ہی فروخت ہوگئے، بینکوں کے باہر طویل قطاریں نظر آئیں جبکہ متعدد مقامات پر تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل: ٹکٹ کے حصول کی دوڑ جاری

ڈان نیوز کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے خواہشمندوں کی بڑی تعداد کے مقابلے میں اسٹیڈیم میں نشستیں نہایت محدود ہیں۔

خصوصی شٹل سروس کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے شائقین کو اسٹیڈیم تک لے جانے کے لیے خصوصی شٹل سروس چلانے کا فیصلہ سنایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شٹل سروس کے ذریعے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم تک مفت سفر کی سہولت دستیاب ہوگی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران اسٹیڈیم کے اندر اور اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے فائنل کے موقع پر اسٹیڈیم تک جانے والے راستے سمیت پورے لاہور شہر کو برقی قمقموں سے روشن کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

یاد رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد ہوتا نظر نہیں آرہا تھا، لیکن 27 فروری کو اہم اجلاس کے بعد حکومت پنجاب نے فائنل کا انعقاد لاہور میں کرانے کا حتمی اعلان کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پی ایس ایل فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے، جب کہ دوسری ٹیم کا فیصلہ دو میچز کے بعد ہوگا۔

پاکستان سپرلیگ کا فائنل رواں ماہ 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


تبصرے (1) بند ہیں

Majid Ali Mar 01, 2017 05:29pm
Poori dunyaa main Pakistan kouu badnaam karr nayy walayy kisss tarahh Pakistan kii izzaaat karain gayyy

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024