• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے3 غیرملکی کھلاڑیوں کا لاہور نہ آنے کا اعلان

لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل ملز نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا—۔
لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل ملز نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا—۔

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے انگلینڈ کے کھلاڑیوں لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل ملز نے لاہور میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2017 کے پہلے پلے آف میچ میں پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لیگ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

مزید پڑھیں:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے فائنل میں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے کھیلنے والے لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے فائنل میں شرکت نہ کرنے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

گذشتہ روز میچ جیتنے کے بعد لیوک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا، 'ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیت گئی'۔

انھوں نے مزید لکھا کہ 'بہت بوجھل دل کے ساتھ لکھ رہا ہوں کہ میں فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہا، میری ایک فیملی ہے اور میں کرکٹ کے کھیل کے لیے خطرہ مول نہیں لے سکتا'۔

لیوک نے اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ٹورنامنٹ بہت شاندار تھا جس میں بے پناہ ٹیلنٹ دیکھنے کو ملا۔

دوسری جانب کیون پیٹرسن نے بھی ٹوئٹر پر دبئی سے لندن روانگی کا پیغام دیا اور ساتھ میں لکھا کہ وہ فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے، جس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ فائنل کے لیے لاہور نہیں آرہے۔

انگلینڈ کے کھلاڑی ٹائمل ملز نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا عندیہ دیا اور لکھا کہ وہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں شریک نہیں ہوسکیں گے لیکن گھر پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، ساتھ ہی انھوں نے اپنی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آفیشلز کے مطابق انھوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فائنل میں شرکت کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی لیکن ملک میں گذشتہ ماہ ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے باعث کھلاڑی رضامند نہ ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے بھی ڈان نیوز کو تصدیق کی کہ غیر ملکی کمنٹیٹرز ای این بشپ اور ڈینی موریسن نے بھی فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے وقار یونس کو کمنٹری کو بلوایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سن سیٹ اینڈ وائن پی ایس ایل فائنل کے نشریاتی حقوق سے دستبردار

گذشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے نشریاتی حقوق کی حامل برطانوی کمپنی سن سیٹ اینڈ وائن لاہور میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل کے نشریاتی حقوق سے دستبردار ہو گئی تھی، جس کے بعد دبئی کی پروڈکشن کمپنی انوویٹو پروڈکشن گروپ سے فائنل کے لیے خصوصی معاہدہ کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایونٹ کا فائنل لاہور میں منعقد ہوتا نظر نہیں آ رہا تھا لیکن 27 فروری کو اہم اجلاس کے بعد حکومت پنجاب نے فائنل کا انعقاد لاہور میں کرانے کا حتمی اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024