• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کے فائنل میں

شائع February 28, 2017 اپ ڈیٹ March 1, 2017
پشاورزلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
پشاورزلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے پہلے پلے آف میں پشاورزلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے کر لیگ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

پشاورزلمی کی جانب سے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کامران اکمل اور ڈیوڈ ملان نے اننگز کا آغاز کیا تو کامران اکمل پہلے اوور میں صرف ایک رن بنا سکے اور اگلے اوور میں ذوالفقار بابر کی پہلی گیند پر پیٹرسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈین اسٹار مارلن سیمیولز دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن ایک رن بنا سکے اور رن آؤٹ ہو کر واپس چلتے بنے جس کے بعد محمد حفیظ نے حسان خان کے ایک اوور میں دوچوکے لگا کر پشاور زلمی کو امید دلائی اور ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

محمد حفیظ اور ڈیوڈ ملان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین شراکت کی اور 11 ویں اوور میں ٹائمل ملز کو 3 چوکے لگا کر ٹیم کی سنچری بھی بنا ڈالی جبکہ حفیظ نے 12 ویں اوور کی پہلی گیند پر حسان خان کو چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں محمد حفیظ نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ 139 رنز کی ریکارڈ شراکت کی اس دوران ڈیوڈ ملان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

محمد حفیظ 5 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے شاندار 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کےبعد شاہد آفریدی میدان میں آئے تو تماشائیوں کا جوش وخروش مزید دوبالا ہوگیا۔

ٹائمل ملز نے ہم وطن ڈیوڈ ملان کو 157 کے اسکور پر ایک آسان گیند کے ذریعے آؤٹ کیا جنھوں نے 56 رنز بنائے تھے جس کے بعد حارث سہیل 6 رنز بنا کر محمد نواز کو وکٹ دے گئے۔

شاہد آفریدی نے ذمہ دارانہ بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حفیظ اور ملان کی رکھی گئی بنیاد کو مضبوط کی اور ٹیم کو جیت کے قریب لا کر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھوں نے اس اننگز میں ایک چوکا اور 4 چھکے لگائے۔

پشاورزلمی کو آخری اوور میں جیت کے لیے 7 رنز درکار تھے اور محمد نواز اوور کررہے تھے تاہم ڈیرن سیمی نے دوسری گیند پر چوکا لگا کر جیت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جبکہ ٹائمل ملز نے ایک مشکل کیچ لینے کی ناکام کوشش کی لیکن اگلی گیند پر نئے بلےباز کرس جارڈن وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سرفرازاحمد نے ایک گیند قبل وہاب ریاض کو آؤٹ کرکے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا اور آخری گیند پر جیت کے لیے دو رنز درکار تھے لیکن حسن علی آخری گیند پر رن نہ بنا سکے اور صفر پر رن آؤٹ ہو کر ٹیم کو شکست سے دوچار کرگئے۔

پشاورزلمی نے 201 رنز کے ہدف کے جواب میں مقرررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 199 رنز بنائے۔

کپتان ڈیرن سیمی 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایڈیٹرز نے پشاورزلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 بنا کر ایک مشکل ہدف دے دیا۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد شہزاد اور لیوک رائٹ نے اوپننگ کی اور دونوں بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن تیسرے اوور کی آخری گیند پر حسن علی نے لیوک رائٹ کی جانب سے ایک اور جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش پر ان کی وکٹیں اڑادیں۔

لیوک راٹ 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا رسید کیا۔

احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن نے جارحانہ بلے بازی کے سلسلے کو مزید بہتر کرتے ہوئے پشاورزلمی کے باؤلرز کے خلاف بلند وبالا چھکے اور چوکے رسید کیے۔

شاہد آفریدی اننگز کا آٹھواں اوور کرنے آئے تو احمد شہزاد نے پہلے گیند پر چوکا اور پھر اگلی دو گیندوں پر مسلسل چھکے لگائے اور اسی اوورز میں مزید دو رنز بنا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ دونوں بلےبازوں نے ٹیم کی سنچری نویں اوور میں ہی مکمل کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کردیا۔

احمد شہزاد اور پیٹرسن کی شراکت کے دوران پہلی مرتبہ ڈی آر ایس کا بھی سہارا لیا گیا جو پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ نظر آیا، اس سے قبل پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پی ایس ایل ڈی آر ایس کو متعارف کرانے والی پہلی لیگ ہوگی۔

پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے دسویں اوور میں دو چھکے اور ایک چوکے کو برداشت کرنے کے بعد آخری گیند پر احمد شہزاد کو آؤٹ کرکے 90 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا۔

احمد شہزاد نے 38 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ کیون پیٹرسن کی صورت گری جو 22 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر محمد اصغر کا کیچ بنے۔

وہاب ریاض نے پشاورزلمی کو ایک اور کامیابی رلی روسو کو آؤٹ کرکے دلادی، روسو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انور علی نے بھی جارحانہ بلےبازی کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 20 رنز بنائے اور 19 ویں اوورز میں رن آؤٹ ہو گئے۔

سرفرازاحمد نے سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر 17 رنز بنا کر انورعلی کے آؤٹ ہوتے ہی ایک ناممکن رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وہاب ریاض کے آخری اوور میں سعد نسیم نے دو چوکے لگائے مگر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حسان خان آخری گیند پر ایک رن بنایا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 200 رنز بھی مکمل ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقرر 20 اوورز میں 7 وکٹیں کھو کر 200 رنز بنائے۔

محمد نواز اور حسان خان ایک، ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاورزلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، ایک، ایک وکٹ حسن علی اور ڈیرن سیمی کو ملی۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ایونٹ کے پہلے پلے آف میں ٹاس کا سکہ اپنے حق میں اچھلتا دیکھ کر پہلے اپنے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

میچ کیلئے پشاور زلمی نے اپنی ٹیم میں دو اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے تین تبدیلیاں کیں۔

پشاور زلمی نے ڈیوڈ ملان اور مارلن سیمیولز کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ گلیڈی ایٹرز نے انور علی، سعد نسیم اور لیوک رائٹ کا انتخاب کیا۔

پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن کے پہلے پلے آف میں بھی زلمی اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئی تھیں اور فتح نے گلیڈی ایٹرز کے قدم چومے تھے۔

پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی ٹیم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پہلے اور گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبر پر تھی۔

پی ایس ایل کے شیڈول کے مطابق پہلے پلے آف کی فاتح ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے پاس ایک اور موقع ہو گا اور وہ دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم سے فائنل تک رسائی کے لیے مقابلہ کرے گی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، محمد حفیظ، ڈیوڈ ملان، کامران اکمل، حارث سہیل، مارلن سیمیولز، شاہد آفریدی، حسن علی، محمد اصغر، کرس جارڈن، وہاب ریاض

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، کیون پیٹرسن، احمد شہزاد، رلی روسو، لیوک رائٹ، سعد نسیم، ٹائمل ملز، حسان خان، انور علی، ذوالفقار بابر، محمد نواز۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024