ڈی ٹی ایچ نیلامی:’چیئرمین پیمرا معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھائیں‘
اسلام آباد: پیمرا اتھارٹی کے اراکین نے چیئرمین ابصار عالم کو ڈی ٹی ایچ کی لائسنس کی نیلامی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت کردی۔
پیمرا اتھارٹی کا اجلاس چیئرمین ابصار عالم کی زیر صدارت پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران اتھارٹی اراکین نے چیئرمین سے ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) لائسنسز کی نیلامی کو کالعدم قرار دینے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے 23 نومبر 2016 کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج نہ کرنے پر استفسار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی ٹی ایچ لائسنس نیلامی:’پیمرا نے اپنے ہی قانون کی خلاف ورزی کی‘
اراکین نے ابصار عالم کو فوری طور پر عدالت عظمیٰ میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ نومبر 2016 میں لاہور ہائی کورٹ نے ڈی ٹی ایچ کی نیلامی پر حکم امتناع جاری کیا تھا۔
پیمرا نے ہائی کورٹ کے حکم امتناع کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے اتھارٹی کو ڈی ٹی ایچ لائسنسز کی نیلامی کی مشروط اجازت دے دی تھی۔
مزید پڑھیں: پیمرا کو ڈی ٹی ایچ نیلامی کی مشروط اجازت
دسمبر میں لاہور ہائی کورٹ نے براڈکاسٹرز کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے لائسنسز کی نیلامی میں خود اپنے ہی آرڈیننس کی خلاف ورزی کی۔