ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے 4 خواتین زخمی
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی کے قریب لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 نوجوان لڑکیاں زخمی ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کھوئی رٹہ سیکٹر کے مقام پر جنجوٹ بہادر گاؤں پر کی گئی۔
بیان کے مطابق زخمی ہونے والی چاروں خواتین کو قریبی فوجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: غلطی سے سرحد پارکرنیوالی خاتون بھارتی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق
کھوٹہ رٹہ پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا واقعہ صبح 10 بج کر 50 منٹ کے قریب پیش آیا۔
عہدیدار کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک گھر پر فائر کیے گئے مارٹر شیل کی وجہ سے 65 سالہ خاتون کوثر، 15 سال عائشہ، 40 سالہ یاسمین بیگم اور 10 سالہ ثمرہ زخمی ہوگئیں، جنہیں بعد ازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 25 فروری کو بھی بھارتی اشتعال انگیز فائرنگ کے باعث نکیال سیکٹر کے قریب گاؤں بالاکوٹ کی 64 سالہ خاتون نذیرت بی بی زخمی ہوگئیں تھیں۔
علاوہ ازیں 25 فروری کو ہی سیالکوٹ میں غلطی سے ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے والی معمر پاکستانی خاتون ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئیں تھیں۔
مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ،4 افراد جاں بحق
سیالکوٹ کے تھانہ پھکلیان پولیس کے مطابق گاؤں دیاوڑہ کی رہائشی خاتون رشیدہ بی بی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور وہ جمعرات (23 فروری) کو غلطی سے راستہ بھٹک کر سرحد پار کرگئی تھیں۔
پولیس کے مطابق ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے خاتون پر فائرنگ کردی، جس سے وہ جاں بحق ہوگئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔