• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس پاکستان میں ہی ہوگا'

شائع February 25, 2017
سرتاج عزیز نے ای سی او کے حوالے سے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دی — فوٹو/ اے ایف پی
سرتاج عزیز نے ای سی او کے حوالے سے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دی — فوٹو/ اے ایف پی

اسلام اباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا 13 واں سربراہ اجلاس بدھ (یکم مارچ) کو اسلام آباد میں ہوگا جس کے لیے رکن ممالک نے سربراہ مملکت کی سطح پر شرکت کی یقین دہانی کرادی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 'اقتصادی تعاون تنظیم کے بیشتر رکن ممالک اس بات کی تصدیق کرچکے ہیں کہ ان کے سربراہ مملکت یا حکومتی سربراہ اس اجلاس میں شرکت کریں گے'۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 13 فروری سے اچانک اٹھنے والی دہشت گردی کی نئی لہر کے بعد اسلام آباد میں اس بین الاقوامی اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے تھے تاہم اب مشیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ای سی او سمٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں ہی ہوگی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مشیر خارجہ نے بتایا کہ 'اجلاس سے قبل 26 فروری سے اعلی حکام کا دو روزہ اجلاس اور منگل کو تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ کا اجلاس ہوگا۔

سرتاج عزیز نے کہاکہ اس سربراہ اجلاس کا موضوع 'علاقائی خوشحالی کیلئے روابط' ہے اور اس میں روابط ،تجارت ، توانائی ، سیاحت، سرمایہ کاری ، صنعت ، معاشی نمو، سماجی فلاح وبہبود اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ رکن ممالک کی اعلیٰ سطح پر شرکت سے اجلاس کی اہمیت میں بے حد اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: رکن ممالک کا شرکت سے انکار، سارک کانفرنس ملتوی

ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے مبصرین اور مہمانان خصوصی کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں ای سی او سربراہ اجلاس کے انعقاد سے دنیا کو انتہائی مثبت پیغام جائے گا۔

مشیرخارجہ نے کہا کہ 'چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعے روابط' اجلاس کا اہم موضوع ہوگا اوریہ راہداری خطے میں تنظیم کے رکن ممالک کی موجودہ اورمجوزہ تجارتی اور توانائی راہداریوں کوآپس میں ملائے گی جس سے ترقی کا عمل تیز ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ مسلم ممالک میں پاکستان کی اہمیت اور اسٹرٹیجک کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہم سارک کی کارروائی میں اپنی شمولیت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا اس اجلاس میں ای سی او ویژن 2025 کی منظوری دی جائے گی جس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اہداف کا تعین کیاجائے گا۔

اس سے قبل انقرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے بھی کہا تھا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا اجلاس طے شدہ وقت پر اسلام آباد میں ہی منعقد ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024