• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پشاور زلمی نے کوئٹہ سے پہلی پوزیشن چھین لی

شائع February 25, 2017 اپ ڈیٹ February 26, 2017
پشاورزلمی نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
پشاورزلمی نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
پشاورزلمی نے گزشتہ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
پشاورزلمی نے گزشتہ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 19 ویں میچ میں پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شاہد آفریدی کی ذمہ دارانہ بلےبازی کی بدولت 2 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاورزلمی کی ٹیم کا آغاز بھی محتاط رہا، کامران اکمل اور تمیم اقبال نے 6 اوورز میں 38 رنز کا آغاز کیا، تمیم اقبال 7 رنز بنا کر ہم وطن محموداللہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کامران اکمل کا ساتھ نبھانے کے لیے مارلن سمیولز میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور اسی کے ساتھ ہی سیمیولز بھی آؤٹ ہوگئے جنھوں نے 7 رنز بنائے تھے۔

پشاورزلمی کی دو وکٹیں نوویں اوور پر گریں جب کامران اکمل ایل بی ڈبلیو اور شکیب الحسن رن آؤٹ ہوگئے جس کےبعد پہلے صہیب مقصود پھر ڈیرن سیمی کی صفر پر ہی واپسی ہوئی، محموداللہ دونوں بلےبازوں کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے تھے لیکن محمد نواز، شاہد آفریدی کا ایک انتہائی مشکل کیچ نہ کرسکے یوں ایک رن کے اضافے سے پشاور کی 4 وکٹیں گر گئیں۔

محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے ساتویں وکٹ پر ایک اچھی شراکت کے ذریعے پشاورزلمی کو مشکل سے نکال لیا, محمد حفیظ آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے جو 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم شاہد آفریدی نے ذمہ دارانہ بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرادی۔

ٹیمل ملز نے وہاب ریاض کو آؤٹ کرکے آٹھویں وکٹ گرادیں لیکن حسن علی نے آفریدی کا آخر تک ساتھ دیا اور آفریدی نے میچ کو جیتوادیا۔

پشاورزلمی کو آخری اوور میں جیت کے لیے 7 رنز درکار تھے جو آفریدی نے پہلی دو گیندوں پر لگاتار چوکے لگا کر حاصل کرلیا اسی طرح پشاورزلمی نے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شاہد آفریدی 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 اور حسن علی 8 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محموداللہ اور ٹیمل ملز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد اصغر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پشاورزلمی نے اس کامیابی کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن بھی چھین لی۔

پی ایس ایل 2017 کے مقابلوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور کراچی کنگز چوتھے نمبر پر موجود ہے، لاہور قلندرز کا نمبر آخری ہے۔

قبل ازیں کوئیٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم پشاورزلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 128 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پشاورزلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسد شفیق کو 3 رنز پر کامران اکمل نے محمد اصغر کی گیند پر اسٹمپ کرتے ہوئے پہلی وکٹ گرادی اور صرف ایک رن کے اضافے کے بعد احمد شہزاد بھی محمد اصغر کا نشانہ بنے۔

دونوں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بلےباز کیون پیٹرسن اور رلی روسو نے ذمہ دارانہ بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے ایک اچھے مجموعے کی راہ ہموار کی اور 96 رنز کی بہترین شراکت کی۔

رلی روسو 38 رنز بنا کر 90 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ کیون پیٹرسن 98 کے مجموعے پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد کو 118 کے مجموعے پر شکیب الحسن کی بہترین فیلڈنگ کی مدد سے کامران اکمل نے رن آؤٹ کردیا۔

محموداللہ نے وہاب ریاض کے خلاف ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی جو ان کے بلے کو چھوتے ہوئے وکٹوں سے جا ٹکرائی یوں وہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

محمد نواز نے 12 گیندوں کا سامنا کیا اور 18 رنز بنائے مگر حسن علی نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ تھام کر آؤٹ کردیا، ایک رن کے اضافے کے بعد 122 پر ذوالفقار بابر بھی آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور کی چوتھی گیند پر عمر گل دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسان خان رن آؤٹ ہوئے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوچکی تھی۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر نے تین، حسن علی اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں تبدیلی کرتے ہوئے عمرگل اور تیمل ملز کو شامل کرلیا تھا جبکہ پشاورزلمی نے گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا تھا۔

پی ایس ایل کے 19 ویں میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:-

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفرازاحمد (کپتان)، اسد شفیق، احمد شہزاد، کیون پیٹرسن، رلی روسو، محموداللہ، محمدنواز، حسان خان، عمرگل،تیمل ملز، ذوالفقار بابر

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی (کپتان)، محمد حفیظ، تمیم اقبال، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، مارلن سمیولز، شکیب الحسن، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، حسن علی، محمد اصغر۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024