• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

'باکسر محمد علی کے بیٹے سے ایئرپورٹ پر تفتیش'

شائع February 25, 2017

لیجنڈ امریکی باکسر محمد علی کلے کے بیٹے سے امریکی ایئرپورٹ پر حکام کی جانب سے 2 گھنٹے تک پوچھ گچھ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی اخبار لوئز ول کوریئر جرنل کی ایک رپورٹ کے حوالے سے لکھا کہ مرحوم امریکی باکسر محمد علی کے بیٹے 44 سالہ محمد علی جونیئر کو ان کی والدہ کے ہمراہ فلوریڈا ایئرپورٹ پر روکا گیا جب وہ دونوں جمیکا سے واپس آرہے تھے۔

محمد علی فیملی کے وکیل اور دوست کرس مانسینی نے لوئز ول کوریئر جنرل کو بتایا کہ محمد علی کی دوسری اہلیہ خالدہ علی اور ان کے بیٹے محمد علی جونیئر کو فلوریڈا ایئرپورٹ پر تفتیش کے لیے روکا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ 7 فروری کو پیش آیا تھا جب یہ دونوں جمیکا سے واپس لوٹ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: باکسنگ لیجنڈ محمد علی انتقال کرگئے

مانسینی نے بتایا کہ خالدہ علی کو ایئرپورٹ حکام نے کچھ دیر بعد ہی جانے دیا کیوں کہ ان کے پاس باکسر محمد علی کے ساتھ تصویر موجود تھی جو انہوں نے حکام کو دکھائی۔

تاہم محمد علی جونیئر کے پاس اپنے والد کے ساتھ کوئی ایسی تصویر موجود نہیں تھی جو وہ ایئرپورٹ حکام کو دکھا سکتے۔

مانسینی نے بتایا کہ ایئرپورٹ حکام نے محمد علی جونیئر سے دو گھنٹے تک تفتیش کی اور اس دوران وہ ان سے پوچھتے رہے کہ انہوں نے اپنا یہ نام کیسے رکھا؟ آیا وہ مسلمان ہیں یا نہیں؟

مانسینی کے مطابق جب محمد علی جونیئر نے حکام کو بتایا کہ وہ اپنے والد کی طرح مسلمان ہیں تو ایئرپورٹ آفیشلز نے ان سے مزید تفتیش شروع کردی۔

مزید پڑھیں: 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی

ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری کیے گئے اس صدارتی حکم نامے کا اثر ہے جس میں انہوں نے 7 مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکا داخلے پر پابندی عائد کی تھی اور جسے بعد ازاں امریکی وفاقی عدالت نے روک دیا تھا۔

مانسینی کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا پتہ لگارہے ہیں کہ اس طرح اور کتنے لوگوں کے ساتھ ایئرپورٹ پر یہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے جس کے بعد وہ قانونی چارہ جوئی بھی کریں گے۔

اخبار نے اس حوالے سے ایئرپورٹ حکام سے موقف جاننے کی کوشش کی تاہم ان کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آسکا۔

واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ امریکی باکسر محمد علی کلے گزشتہ برس 3 جون کو انتقال کرگئے تھے۔

20 صدی کے عظیم باکسر محمد علی نے 1984 میں پارکنسنز بیماری کی تشخیص کے بعد باکسنگ چھوڑدی تھی۔

17 جنوری 1942 کو پیدا ہونے والے محمد علی کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر (Cassius Marcellus Clay, Jr) تھا، انھوں نے 1964 میں اسلام قبول کیا، جس کے بعد انہوں نے اپنا نام محمد علی رکھ لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024