• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ کو ایک رن سے شکست

شائع February 24, 2017 اپ ڈیٹ February 25, 2017
اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسین طلعت 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسین طلعت 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:پی ایس ایل ٹویٹر
ڈیوائن اسمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
ڈیوائن اسمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے 17 ویں میچ میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کومحمد سمیع کی بہترین باؤلنگ کے باعث ایک رن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ مستحکم کرلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محتاط آغاز کیا تاہم محمد عرفان نے اسد شفیق کو آؤٹ کرکے پہلا دھچکا پہنچایا۔

اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار بلےباز کیون پیٹرسن اور گزشتہ میچ میں فاتحانہ اننگز کھیلنے والے احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا جبکہ اس دوران اسلام آباد یونائیٹٖڈ کی ٹیم نے رن آؤٹ کا ایک قیمتی موقع بھی گنوا دیا جس کے بعد پیٹرسن نے مزید جارحانہ بلےبازی کا مظاہرہ کیا۔

احمد شہزاد نے رواں سیزن میں اپنی دوسری نصف سنچری 13 ویں اوور کی پہلی گیند پر مکمل کی جبکہ ٹیم کی سنچری بھی اسی دوران مکمل ہوئی۔

دوسری جانب پیٹرسن نے 6 چوکوں اور 3 بلند وبالا چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے اور 149 کے مجموعے پر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلے اوور کی پہلی گیند پر 59 رنز پر کھیلنے والے احمد شہزاد بھی باؤنڈری کے قریب کیچ ہوگئے۔

سرفرازاحمد آؤٹ ہونے والے چوتھے بلےباز تھے جو 159 کے اسکور پر 3 رنز بنا کر ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ ہوگئے جس کے بعد انور علی بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے مگر اسلام آباد کے باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث میچ آخری اوور تک چلاگیا۔

محمد سمیع نے آخری اوور کی پہلی پانچ گیندوں میں بہترین باولنگ کرتے ہوئے رلی روسو اور انور علی کو روکے رکھا اور پانچویں گیند پر تیز رن لینے کی کوشش میں انور علی کو اسمتھ نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آؤٹ کردیا جبکہ آخری گیند میں صرف ایک رن بنا۔

محمد سمیع نے آخری اوور میں صرف تین رنز دیے اور اسلام آباد کو ایک غیریقنی کامیابی دلادی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کی سرفہرست ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کےبعد ایک رن سے شکست دے دی۔

رلی روسو 9 اور پریرا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

محمد سمیع کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ صفر پر گری جب ڈیوائن اسمتھ بغیر کوئی رن بنائے ذوالفقار بابر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

رفعت اللہ مہمند اور حسین طلعت نے ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد سنبھل کر بیٹنگ کی اور اسکور کو آگے بڑھایا اور ساتویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری بھی مکمل کی، دونوں بلے بازوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور 60 رنز تک پہنچادیا جس میں مرکزی کردار حسین طلعت کا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز رفعت اللہ تھے جو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم حسین طلعت اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 76 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

حسین طلعت کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق اور بریڈ ہیڈن نے اسکور کو آگے بڑھایا اور 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر ہیڈن نے چوکا لگا کر ٹیم کی سنچری مکمل کی۔

بریڈ ہیڈن 22 رنز بنا کر جارحانہ کھیلنے کی کوشش میں انورعلی کا کیچ بنے، مصباح الحق 18 ویں اوور کی آخری گیند پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو اسلام آباد یونائیٹڈ کی پانچویں وکٹ تھی۔

شین واٹسن نے آخری اوور میں انور علی کے خلاف ابتدائی تین گیندوں میں ایک چوکا اور دو چھکے لگا کر اسکور کو 163 رنز تک پہنچادیا اور آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، انھوں نے 26 رنز بنائے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

شاداب خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 9 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ذوالفقار بابر اور انورعلی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سیزن کی اب تک بہترین ٹیم ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ گزشتہ میچ میں کراچی کنگز کو ہرا کر پہلے پلے آف میں جگہ بنالی ہے۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ : مصباح الحق (کپتان)، ڈیوائن اسمتھ، رفعت اللہ مہمند، حسین طلعت شین واٹسن، شاداب خان، بریڈ ہیڈن، محمد سمیع، محمدعرفان، رومان رئیس، سیموئیل بدری

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفرازاحمد (کپتان)، اسد شفیق، احمد شہزاد، کیون پیٹرسن، رلی روسو، محموداللہ،، تھیسارا پریرا، محمدنواز، حسان خان، انورعلی، ذوالفقار بابر

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024