ایل جی کا سب سے طاقتور بیٹری والا فون متعارف
ایل جی کا نیا فلیگ شپ فون جی سکس 26 فروری کو متعارف کرایا جارہا ہے مگر اس جنوبی کورین کمپنی نے اس سے پہلے ہی ایک نئی ڈیوائس ایکس پاور ٹو کو پیش کردیا ہے۔
5.5 انچ کی اسکرین والے اس فون کی خاص بات 4500 ایم اے ایچ بیٹری ہے جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ گیمز اور ملٹی میڈیا بہت زیادہ استعمال کرنے والوں کے لیے ہے۔
ایک چارج پر اس فون پر 15 گھنٹے تک لگاتار ویڈیو چلائی جاسکتی ہے یا 18 گھنٹے تک ویب براﺅزنگ کا مزہ لیا جاسکتا ہے۔
اس میں اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم موجود ہے جبکہ صرف دو گھنٹے میں یہ پچاس فیصد تک چارج کی جاسکتی ہے۔
کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ معمول کے استعمال پر ایک چارج پر یہ فون آرام سے دو دن تک بغیر کسی فکر کے چلایا جاسکتا ہے۔
یہ ایل جی کے کسی بھی فون میں سب سے زیادہ طاقت والی بیٹری ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکس سیریز کے ہر فون میں کچھ نہ کچھ خاص فیچر رکھا جاتا ہے جو عام طور پر فلیگ شپ فونز میں ہوتے ہیں۔
اس فون میں 1.5 گیگا ہرٹز اوکٹا کور چپ سیٹ، 13 میگا پکسلز بیک اور 5 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ، ڈیڑھ سے دو جی بی ریم، 16 جی بی اسٹوریج، مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ اور دیگر فیچرز دیئے گئے ہیں۔
اس کی قیمت تو سامنے نہیں آسکی تاہم یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ یہ زیادہ مہنگا نہیں ہوگا کیونکہ اس کا پہلا ورژن یعنی ایل جی ایکس محض 150 ڈالرز کا تھا۔
ایل جی ایکس پاور ٹو کو آئندہ ماہ مارچ میں پہلے لاطینی امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد اسے امریکا، ایشیاءاور یورپ میں متعارف کرایا جائے گا۔