فیس بک کی سب سے بڑی تبدیلی کیا ہوگی؟
فیس بک نے اپنی سائٹ کو سوشل میڈیا حب بنانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
جی ہاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی ہونے والی ہے اور بہت جلد فیس بک پر صارفین اپنے دیگر سوشل میڈیا اکاﺅنٹس جیسے انسٹاگرام، اسکائپ، ٹوئٹر اور یوٹیوب وغیرہ کو بھی شامل کرسکیں گے۔
یہ سوشل میڈیا اکاﺅنٹس صارف کے اباﺅٹ می (About me) سیکشن میں نظر آئیں گے اور صارفین کو محض ایک کلک پر کسی بھی اکاﺅنٹ پر جانے میں مدد دیں گے۔
فیس بک صارفین اگرچہ پہلے سے اپنے دیگر سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے پروفائل اباﺅٹ می کے سیکشن میں شامل کرسکتے ہیں مگر یہ نئی تبدیلی اس سائٹ کو بالکل بدل کر رکھ دے گی۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے گزشتہ دنوں اپنا منشور شائع کیا تھا، جس میں درج تھا کہ اب لوگوں کے لیے سوشل انفراسٹرکچر بنانے پر توجہ دی جائے گی اور یہ فیچر اس کی عکاسی کرتا ہے۔
فیس بک کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش اس وقت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپ میں صارفین کی محدود تعداد پر کیا جارہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ ٹول ڈیسک ٹاپ کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔
اب یہ کہنا تو مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا مگر اس پر صارفین کے پرائیویسی تحفظات ایک بار پھر سامنے آئیں گے۔
فیس بک کی جانب سے ڈسکور پیپل نامی فیچر بھی آزمایا جارہا ہے جس کی مدد سے صارفین ایسے لوگوں کو دوست بناسکتے ہیں جنھیں وہ جانتے نہ ہوں۔