• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پنجاب میں کریک ڈاؤن: 205 مشتبہ ملزمان گرفتار

شائع February 19, 2017

لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سرچ آپریشن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 205 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں اکثریت افغان باشندوں کی ہے۔

پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی( سی ٹی ٹی) کے ترجمان کے مطابق پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے صوبے بھر میں پانچویں روز بھی سرچ آپریشن جاری رکھا، جس دوران دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق خفیہ معلومات پر کیے گئے سرچ آپریشن سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے، جب کہ گرفتار کیے گئے مشتبہ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور خفیہ اداروں کی جانب سے بادامی باغ، رائے ونڈ، سول لائنز، پرانی انارکلی، گلشن راوی، گلبرگ، غالب مارکیٹ، نشتر کالونی، ساندہ، نصیر آباد اور ٹاؤن شپ سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 5 'دہشت گرد' ہلاک

ان علاقوں سے قانون اور سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے 144 مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا، جب کہ پولیس نے چھاپوں کے دوران ایک کلاشنکوف، ایک رائیفل، 78 گولیاں اور 2 پستول بھی برآمد کرلیے۔

پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بائیومیٹرک مشینوں کا بھی استعمال کیا، جو افراد اپنی شناخت سے متعلق دستاویزات فراہم نہ کرپائے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب *درگاہ لعل شہباز قلندر * میں دھماکے کے بعد پولیس نے درگاہ بیبیاں پاک دامن کو بند کردیا، جب کہ درگاہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درگاہ کو زائرین کے لیے کب کھولا جائے گا، اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

نیشنل ایکشن پلان ( نیپ ) کے تحت قانون اور سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے قصور، پتوکی اور چنیاں کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 19 افغان شہریوں سمیت 58 افراد کو حراست میں لے لیا۔

سیکیورٹی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ پتوکی اور قصور کے علاقوں دین گڑہ اور نیاز نگر سے گرفتار کیے گئے افغان شہریوں سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے سامنے خودکش دھماکا،ڈی آئی جی ٹریفک سمیت 13 ہلاک

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر( ڈی پی او) قصور علی ناصر رضوی نے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں سرچ آپریشنز شروع کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

ادھر سیالکوٹ میں سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے کارروائی کرکے 42 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر عابد خان نے بتایا کہ رنگپورہ پولیس نے جناح اسٹیڈیم پل کے قریب غیرقانونی رہائش پذیر 34 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

کنٹومنٹ پولیس نے 3 جب کہ حاجی پورہ پولیس نے 5 افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔

ڈی پی او کے مطابق افغان شہری اپنی شناخت سے متعلق دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔


یہ خبر 19 فروری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024