• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

مردم شماری میں معذور افراد کو بھی شمار کریں

شائع March 1, 2017

ملک کی آبادی کا تخمینہ لگانے اور کْل آبادی کے مطابق معاشی پالیسیاں ترتیب دینے کے لیے مردم شماری کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ پاکستان میں اب تک پانچ بار مردم شماری کا انعقاد ہو چکا ہے۔ پہلی مردم شماری 1951، دوسری 1961، تیسری 1972، چوتھی 1981 اور پانچویں مردم شماری 1998 میں ہوئی اور اب تقریباََ 19 سال بعد مارچ 2017 میں چھٹی مردم شماری کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جس طرح معذور افراد کا ہر سطح پر معاشی اور معاشرتی استحصال جاری ہے، حالیہ مردم شماری میں بھی انہیں بری طرح نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ مردم شماری کے موجودہ فارم 2 میں معذور افراد کے بارے میں معلومات کے اندراج کا خانہ سرے سے غائب ہے۔

موجودہ مردم شماری میں دو فارم شامل کیے گئے ہیں۔ فارم 2 تمام گھرانوں سے پُر کروایا جائے گا، جس میں معذور افراد کے بارے میں معلومات کے اندراج کا خانہ موجود ہی نہیں ہے۔ جبکہ فارم 2A جس میں 33 مدات شامل ہیں، اس فارم میں معذور افراد کے بارے میں معلومات کے اندراج کا خانہ موجود ہے۔ فارم 2A ہر گھرانے سے پر نہیں کروایا جائے گا بلکہ اس کے اعداد و شمار نمونہ بندی کے طریقہ کار (sampling method) کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔ فارم 2A کے ذریعے معذور افراد کی کل آبادی کا تخمینہ لگانا ممکن نہیں ہو پائے گا۔

کیا معذور افراد اس معاشرے کا حصہ نہیں ہیں کیا معذور افراد کے بارے میں اعداد و شمار کی کوئی اہمیت نہیں؟ کیا معذور افراد کے حوالے سے تعلیم، صحت، روزگار اور ٹرانسپورٹ کی پالیسی بنانا حکومت وقت کا اولین فرض نہیں ہے؟

1998 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کل آبادی کا 2.49 فیصد حصہ معذور افراد پر مشتمل تھا۔ جس میں سے صوبہ پنجاب میں 55.7 فیصد معذور افراد، 28.4 فیصد صوبہ سندھ، 11.1 فیصد صوبہ خیبر پختنواہ، 4.5 صوبہ بلوچستان اور 0.3 فیصد معذور افراد اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے۔

1998 کی مردم شماری کے بعد تقریباً 18 سال بعد مارچ 2017 میں چھٹی مردم شماری منعقد ہونے جا رہی ہے۔ پاکستان میں اس دوران معذور افراد کی تعداد بڑھ چکی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں سے ملک بدترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ بم دھماکوں میں اموات کے علاوہ ہزاروں افراد اپنے قیمتی اعضاء سے بھی مرحوم ہو جاتے ہیں۔

ہڑھیے: معذور افراد سہولیات چاہتے ہیں، خیرات نہیں

2005 میں آنے والے بدترین زلزلے کی وجہ سے شمالی علاقہ جات کے ہزاروں افراد جس میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ (Spinal cord injury) کا شکار ہو گئے تھے۔ آئے دن ٹریفک اور ریل گاڑیوں کے حادثات کے باعث سینکڑوں افراد کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہو جاتے ہیں۔ 21 ویں صدی میں بھی پاکستان میں پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔

2002 میں قومی پالیسی برائے معذور افراد مرتب دی گئی، جس میں معذور افراد کی فلاح و بہود کے لیے عرصہ قلیل اور عرصہ طویل کی پالیسی اور پلان تجویز کیے گئے تھے، لیکن خود سوچیے اگر ملک میں موجود معذور افراد کے بارے میں درست اعداد و شمار معلوم نہیں ہوگا تو تمام پالیسی اور منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ جائیں گی۔

ڈیٹا یا اعدادو شمار کسی بھی منصوبہ بندی کا بنیاد ہوتے ہیں۔ معذور افراد کے درست اعدادوشمار کی فراہمی ان تمام پالیسیوں کی کامیابی کے لیے بہت ضروری ہے۔

2012 میں معذور افراد کی جامع بحالی کے لیے منعقد قومی کانفرنس کے مطابق پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 50 لاکھ افراد پر مشتمل تھی۔ جبکہ عالمی ادارہ برائے صحت WHO کے مطابق ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 10 سے 15 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ 2011 میں حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے تحت کنوینشن برائے حقوق معذوران (Converntion on the rights of Person disabilities) کی توثیق کر چکا ہے۔

پڑھیے: حقوقِ معذورین: اسلام، مغرب اور پاکستان

آج دنیا معذوری سے متعلق میڈیکل ماڈل کو مسترد کر چکی ہے۔ دنیا کے تقریباََ تمام ممالک میں معذوری سے متعلق "معاشرتی ماڈل" پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ میڈیکل ماڈل کے مطابق معذور فرد کو اس کی معذوری کی بنا پر معذور قرار دیا جاتا تھا۔ معذوری کی بنا پر وہ روزمرہ کے کام نارمل انسان کی طرح سر انجام نہیں دے سکتے تھے۔

معاشرتی ماڈل کے مطابق معذور افراد کسی جسمانی خرابی کی وجہ سے معذور نہیں ہیں، بلکہ وہ اْن ماحولیاتی رکاوٹوں کی وجہ سے معذور ہیں، جن کا تکلیفدہ سامنا انہیں دن رات کرنا پڑتا ہے۔ معاشرتی ماڈل کے مطابق معذور افراد کی فلاح وبہود کے لیے کمیونٹی کی بنیاد پر بحالی (Community Based Rehabilitation) ناگزیر ہے۔

معذور افراد کی جامع بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے تعلیم، صحت، روزگار، تعمیرات، ٹرانسپورٹ اور افرادی قوت کی منصونہ بندی میں اصلاحات کی ضرورت ہے ان تمام شعبہ جات میں منصوبہ بندی اْس وقت کامیاب ہوگی، جب معذور افراد کا درست اعدادوشمار موجود ہوگا۔

ترقی یافتہ ممالک مثلاََ آسٹریلیا، کینڈا، نیوزی لینڈ اور امریکہ میں معذور افراد کے حقوق کی پاسداری کے لیے غیر امتیازی قوانین (Anti discrimination Laws) موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں معذور افراد کے حقوق کی پاسداری کے لیے سرے سے کوئی قانون موجود نہیں۔

صرف جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں 1981 میں بحالی و روزگار برائے معذوراں ایکٹ جاری ہوا تھا۔ جس کے تحت تمام نجی و سرکاری اداروں میں ملازمتوں کا 1 فیصد کوٹہ معذور افراد کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ جو کہ آب 3 فیصد تک بڑھ چکا ہے۔ باعزت روز گار کا انحصار تعلیم اور ہنر پر ہوتا ہے۔ معذور افراد اْسی وقت تعلیم اور ہنر یافتہ ہو سکتے ہیں جب ملک میں اْن کے لیے قابل رسائی تعلیمی ادارے اور قابل رسائی ٹرانسپورٹ موجود ہوگی۔

پڑھیے: معذور نہیں، منفرد بچے

ہمارے ملک میں معذور افراد پر خصوصی افراد کا خوبصورت لیبل چسپاں کر کے انہیں معاشرے سے الگ تھلگ کر دیا جاتا ہے۔ کیا اْن کی ضروریاتِ زندگی صرف ایک وہیل چیئر، سفید چھڑی یا صرف زکوۃ کے نام پر ادا کی جانی والی محدود رقم تک محدود ہے؟ معذور افراد نے ارباب اختیار کو احساس دلانے کے لیے کہ وہ بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں، سوشل میڈیا پر ایک مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا ہیش ٹیگ (Do count us) "ہمیں بھی شمار کرو" ہے۔

21 ویں صدی میں معذور افراد کو معاشرے کا کارآمد اور فعال فرد بنانے کے لیے حکومت وقت کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا اور معذور افراد کو مردم شماری کے فارم 2 کا حصہ بنا کر انہیں معاشی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سائرہ ایوب

سائرہ ایوب لاہور کے ایک سرکاری کالج میں معاشیات کی اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ وہ معذوری کے حوالے سے افسانے اور مضامین لکھتی رہتی ہیں اور معذوروں کے مسائل اور ان رکاوٹوں پر روشنی ڈالتی ہیں جن کی وجہ سے معذور حقیقتاً معذور بن جاتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

Neelofer aman Mar 01, 2017 02:29pm
Agreed!
Ali Keerio Mar 01, 2017 03:37pm
Census is an lifeline for any society, especially for getting rights, in our society disabled persons are deprived of there due rights, recently we have seen protests of disabled persons in Lahore, Hyderabad and other cities, authorities must heed on problems of disable persons.
Ghaziaidrees Mar 01, 2017 07:03pm
the writer write well and present true picture of disable persons,so government should include them in census 2k17...

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024