گھوٹکی میں گیس کے نئے ذخائر دریافت
اسلام آباد: ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے نئے ذخائر کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'ضلع گھوٹکی میں لیز پر حاصل کیے گئے کمپنی کے ترقیاتی اور پیداواری علاقے میں شاہین ون کنویں میں کی گئی تلاش کی کوششوں کے دوران گیس کی دریافت میں اہم کامیابی ملی'۔
خیال رہے کہ ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اس علاقے میں کام کرنے والی واحد کمپنی ہے۔
گیس کی دریافت کے لیے مذکورہ مقام کی نشاندہی 5 جنوری کو کی گئی تھی جس کے بعد اس کنویں کو 1 ہزار 175 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔
کنویں کی کھدائی کا مقصد سوئی مین لائم اسٹون (ایس ایم ایل) اور سوئی اپر لائم اسٹون (ایس یو ایل) میں موجود ہائیڈروکاربنز کی جانچ کا عمل مکمل کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فاٹا میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر موجود
چونے کے پتھروں میں کیے جانے والے ڈرل ٹیسٹ کے دوران 12.334 ملین کیوبک فٹ فی دن گیس کا اخراج سامنے آیا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو اشفاق ندیم کے مطابق کنویں کی کھدائی کے نتیجے میں ذخائر کی موجودگی کے حوالے سے اہم معلومات سامنے آئی ہیں اور کمپنی ان ذخائر سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے آئندہ 2 سے 3 سالوں میں مزید مقامات پر کھدائی کا ارادہ رکھتی ہے۔
ماڑی کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ وسیع تھری ڈی سیسمک معلومات کے بعد لیز پر حاصل کیے گئے اس علاقے میں گیس کی تلاش کے سلسلے میں یہ دوسری مسلسل کامیابی ہے۔
مزید پڑھیں: ’پاکستان میں تیل، گیس کے ذخائر کئی گنا زیادہ‘
خیال رہے کہ مذکورہ کمپنی کے پاس ترقیاتی اور پیداوار کے تین ٹھیکے اور وسائل کی تلاش کے 8 لائسنس موجود ہیں جبکہ 5 اہم مقامات پر یہ کمپنی اہم شراکت دار ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ ملک میں گیس کے اضافی ذخائر کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مقامی وسائل کی مدد سے پورا کیا جاسکے۔
یہ خبر 16 فروری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔