• KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:14pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:14pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:35pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:37pm

شائستہ لودھی نئے ڈرامے میں سیاست دان بنیں گی

شائع February 13, 2017
ڈرامے 'خان' میں شائستہ لودھی کے ساتھ نعمان اعجاز بھی کام کرتے نظر آئیں گے—۔
ڈرامے 'خان' میں شائستہ لودھی کے ساتھ نعمان اعجاز بھی کام کرتے نظر آئیں گے—۔

مارننگ شو میزبان اور اداکارہ شائستہ لودھی کا پہلا ڈرامہ اس وقت اے آر وائی انٹرٹینمنٹ پر نشر کیا جارہا ہے، جسے کافی پسند کیا جارہا ہے اور اب وہ ایک اور ڈرامے میں کام کر رہی ہیں، جس کی کہانی کافی سنجیدہ ہے۔

جلد نشر کیے جانے والے ڈرامے 'خان' میں شائستہ لودھی سیاست دان کے روپ میں نظر آئیں گی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے شائستہ لودھی کا کہنا تھا 'خان جاگیردارانہ نظام پر مبنی ڈرامہ ہے، ہر عام شخص خود کو اس سے جوڑ سکتا ہے کیوں کہ اس ڈرامے میں پاکستان کے سیاسی نظام کو پیش کیا جائے گا'۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ڈرامہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے متاثر ہوکر نہیں بنایا گیا۔

شائستہ نے مزید بتایا، 'اس ڈرامے میں سیاست میں بدلہ لینے کے طریقہ کار کو پیش کیا جائے گا کہ کس طرح اقتدار بیچا جاتا ہے، ٹکٹ ملتے ہیں اور پارٹیوں کے آپسی تعلق اور ہمدردیوں کو لے کر کیسے کھیل کھیلے جاتے ہیں، جس کی ایک مثال بےنظیر بھٹو کا قتل کیس ہے، اسی طرح کے واقعات کو ڈرامے میں پیش کیا جائے گا'۔

یہ دوسرا موقع ہے جب شائستہ لودھی اداکاری کرتی نظر آئیں گی، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا 'میرا کردار بہت وسیع ہے، ایک سیاست دان کی اہلیہ ہونے کے بعد میں خود سیاست میں آؤں گی، میں اس ڈرامے میں کئی پہلو پیش کروں گی'۔

شائستہ کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بہت مزہ بھی آرہا ہے، انھوں نے بتایا 'اس ڈرامے میں میرے ملبوسات کافی منفرد ہیں، میں اپنی عمر سے بڑی خاتون کا کردار ادا کروں گی'۔

شائستہ لودھی کے لیے ایک اور چیلنج نامور اداکاروں کے ساتھ کام کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا 'میرے لیے یہ ڈرامہ کسی چیلنج سے کم نہیں، کیوں کہ میں کئی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرتی نظر آؤں گی، میں کبھی بھی وہ لمحہ نہیں بھولوں گی جب ہم نے پہلے سین کی شوٹنگ کی، میں نعمان اعجاز کے ساتھ کام کررہی تھی، جس کے دوران میں کافی پریشان ہوگئی، مجھے بعد میں اندازہ ہوا کہ وہ کتنے سویٹ انسان ہیں'۔

انہوں نے اپنے ہدایت کار کے حوالے سے بتایا، 'علی فیضان بہت سمجھدار ہیں، لیکن وہ تھوڑے پاگل بھی ہیں، جیسا کہ کسی تخلیقی ذہن کے حامل انسان کو ہونا چاہیے، ان کے خیالات بھی کافی منفرد ہیں، وہ ہمیشہ کچھ الگ سوچتے ہیں، مجھے لگتا ہے انہوں نے یہ ڈرامہ بہترین انداز میں بنایا'۔

اس ڈرامے میں نعمان اعجاز، شائستہ لودھی کے بچپن کے دوست بنے ہیں جو ان سے محبت کرتے ہیں جبکہ اعجاز اسلم ان کے شوہر کے کردار میں نظر آئیں گے۔

ڈرامے میں عتیقہ اوڈھو، صبا پرویز اور نعمان مسعود بھی اہم کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 29 دسمبر 2024
کارٹون : 28 دسمبر 2024