لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے دفاعی چمپیئن اسلام آباد کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مک کولم نے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے اوور میں 21 رنز حاصل کیے اور دوسرے اوور میں مزید 15 رنزجوڑ کر اسکور کو 36 رنز تک پہنچادیا۔
مک کولم جارحانہ کھیلنے کی کوشش میں تیسرے اوورز کی تیسری گیند پر 25 رنز بنا کر رومان رئیس کا نشانہ بنے جس کے بعد فخر زمان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جیسن روئے کا ساتھ دینے کے لیے عمر اکمل میدان میں آئے اور بھرپور ساتھ دیتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو 114 رنز تک پہنچانے کے بعد 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گرانٹ ایلیٹ بھی بڑا اسکور نہ کرسکے اور صرف 3 رنز بنا کر سعید اجمل کی وکٹ بن گئے۔
روئے نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ سنیل نرائن نےجارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی جیت کو ایک اوور قبل ہی یقینی بنادی۔
لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر 4 وکٹیں کھو کر 160 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔
جیسن روئے 60 اور سنیل نرائن 26 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد سمیع، سعید اجمل، شین واٹسن اور رومان رئیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرلی۔
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان مصباح الحق کی 5 چھکوں سے مزین اننگز کی بدولت لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر158 رنز بنالیے ہیں۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شرجیل کی جگہ سیم بلنگز نے ڈوون اسمتھ کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے ابتدائی 9 اوورز میں 73 رنز کی شراکت قائم لیکن دسویں اوورکی پہلی گیند پر ایلیٹ نے بلنگز کی وکٹیں اڑا دیں۔
سیم بلنگز کے آؤٹ ہونے کے بعد اسمتھ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور ایلیٹ کے اسی اوور میں آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، انھوں نے 31 رنز بنائے۔
پی ایس ایل 2017 کے افتتاحی میچ میں بہترین بلےبازی کا مظاہرہ کرنے والے ہیڈن اور ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کریز سنبھال لی اور اسکور کو 97 رنز تک پہنچایا لیکن ایک مرتبہ پھر ایلیٹ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سامنے آگئے اور 9 رنز بنانے والے ہیڈن کو آؤٹ کردیا۔
مصباح الحق دوسری جانب سے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے لیکن نئے آنے والے بلےباز شین واٹسن صرف 7 رنز بنا کر ایلیٹ کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ آصف علی صرف ایک رنز بنا کر نرائن کی گیند پر ایلیٹ کو کیچ دے گئے۔
کپتان مصباح الحق نے شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ٹیم کے اسکور کو 150 تک پہنچادیا لیکن آخری اوورز میں دلچسپ مناظر دیکھے گئے جب مصباح الحق سہیل تنویر کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہوکر باہر چلے گئے لیکن تھرڈ امپائر نے نوبال قرار دیتے ہوئے واپس بلالیا لیکن اگلی ہی گیند پر دوسرے بلے باز شاداب خان رن آؤٹ ہوگئے۔
اننگز کے آخری لمحات میں بیٹنگ کے لیے آنے والے محمد سمیع بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 158 رنز بنا لیے ہیں۔
مصباح الحق 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ایلیٹ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، سہیل تنویر اور سنیل نرائن ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرسکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر وسیم اکرم نے گزشتہ میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے شین واٹسن کو فضل محمود کیپ دے دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو گذشتہ روز اس وقت دھچکا لگا تھا جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت شرجیل خان اور خالد لطیف کو مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے عبوری طور پر معطل کرکے ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد عرفان سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور وہ بھی دوسرے میچ کا حصہ نہیں تھے۔
کپتان مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، محمد عرفان کی جگہ رومان رئیس، شرجیل خان کی جگہ آصف علی اور عماد بٹ کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:
اسلام آباد یونائیٹڈ: مصباح الحق (کپتان)، ڈوون اسمتھ، بریڈ ہیڈن، شین واٹسن، سیم بلنگز، عمران خالد، سعید اجمل، محمد سمیع، رومان رئیس، آصف علی، شاداب خان
لاہور قلندرز: برینڈن میک کولم(کپتان)، جیسن روئے، فخر زمان، عمر اکمل، محمد رضوان، سہیل تنویر، بلاول بھٹی، یاسر شاہ، گرانٹ ایلیٹ، سنیل نرائن، محمد عرفان (جونیئر)