بلائنڈ ٹی 20 ٹیم میں مہمند کے ٹیکسی ڈرائیور کا بیٹا بھی شامل
ہندوستان کے شہر بنگلور میں کھیلے جارہے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، لیکن شاید ہی کوئی جانتا ہو کہ اس ٹیم میں مہمند ایجنسی کے ایک ٹیکسی ڈرائیور کا بیٹا بھی شامل ہے۔
پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کے ایک 35 سالہ ٹیکسی ڈرائیور مریب خان کے بیٹے محسن خان کو ہندوستان میں کھیلے جارہے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا۔
مہمند ایجنسی کے علاقے کوز گنداؤ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ محسن خان پاکستان ٹیم میں آل راؤنڈر کے طور پر کھیل رہے ہیں۔
انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں 18 گیندوں پر ناقابل شکست 36 رنز بنائے، محسن خان نے جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 7 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز
محسن خان پیدائشی طور پر بینائی سے محروم ہیں اور بچپن سے ہی کرکٹ کے شیدائی ہیں۔
ان کے والد مریب خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ محسن بچپن سے معذور ہونے کے باوجود گاؤں کی گلیوں میں کرکٹ کھیلتے تھے، انھیں اُمید تھی کہ ایک دن وہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ ضرور بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا، 'میں آج بہت فخر محسوس کررہا ہو کہ میرا بیٹا ورلڈ کپ میں پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ بنا، میں ایک ٹیکسی ڈرائیور ہوں اور میں نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میرا معذور بیٹا پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جائے گا'۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کی بلائنڈ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ مسلسل آٹھویں فتح بھی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:قومی بلائنڈ ٹی20 ٹیم کا بھارت میں نیا عالمی ریکارڈ
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 372 بنایا تھا، جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 191 رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ میں 182 رنز کے بھاری مارجن سے فتح سمیٹ لی۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں ہونے والے بلائنڈ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم محمد اجمل کی قیادت میں شرکت کررہی ہے جبکہ سابق کپتان عبدالرزاق ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر شامل ہیں۔