'ایسے نہیں چلے گا' کو دوبارہ نشر کرنے کی اجازت
اسلام آباد/کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے بعد عامر لیاقت حسین کی میزبانی میں نشر ہونے والے بول نیوز کے متنازع پروگرام 'ایسے نہیں چلے گا' سے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی پابندی ایک بار پھر ختم ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کے پہلے حکم امتناع کے خلاف پیمرا کی اپیل کی سماعت کے دوران بول نیوز کی انتظامیہ کو پیمرا کے اظہار وجوہ کے نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ بول نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس 27 جنوری کو پیمرا احکامات کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا تھا۔
26 جنوری کو پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے میں بول ٹی وی کے اینکر عامر لیاقت اور پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ پر فوری اور مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو اس حوالے سے آگاہ بھی کردیا گیا تھا، تاہم ان احکامات کے باوجود بول ٹی وی پر نہ صرف مذکورہ اینکر کا پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ دکھایا گیا بلکہ اس کے اشتہارات بھی چلائے گئے۔
دوسری جانب 27 جنوری کو ہی سندھ ہائیکورٹ نے پیمرا کے اظہار وجوہ کے نوٹس پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے بول نیوز کو پروگرام ’ایسے نہیں چلے گا‘ نشر کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
سندھ ہائیکورٹ کے پہلے حکم امتناع کے بعد پیمرا نے سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
گذشتہ روز سپریم کورٹ میں پیمرا کی اپیل پر ہونے والی سماعت میں عدالت کا کہنا تھا کہ بول نیوز کی انتظامیہ پیمرا کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرسکتی ہے اور ہائی کورٹ تمام فریقین کو سن کر کوئی بھی فیصلہ دے گی۔
سپریم کورٹ کی اس ہدایت کے بعد بول نیوز کی انتظامیہ نے سندھ ہائی کورٹ کا رخ کیا جہاں ایک بار پھر پیمرا کے 26 جنوری کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے عامر لیاقت کے پروگرام 'ایسے نہیں چلے گا' کو نشر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔