ومبلڈن: اعصام، راجرز پری کوارٹر فائنل میں

شائع June 29, 2013

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی جولین راجرز۔ فوٹو اے ایف پی

لندن: ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز مقابلوں میں اعصام الحق اور جولین راجرز کی جوڑی نے دوسرے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کر کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

ومبلڈن ٹورنامنٹ میں مینز ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین راجرز کا مقابلہ بلیجئیم کے زیویئر میلس اور برطانیہ کے کین اسکپ سکی کی جوڑی سے ہوا۔

اعصام اور روجر نے ابتداء میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے سیٹ میں چھ تین سے کامیابی حاصل کی لیکن اگلے سیٹ میں ان کے حریف نے بہترین کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ ٹائی بریک پر اپنے نام کیا۔

تیسرا سیٹ اعصام اور راجرز نے پھر چھ تین سے اپنے نام کیا تاہم چوتھے سیٹ میں حریفوں نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے ٹائی بریک پر سیٹ اپنے نام کیا۔

آخری اور فیصلہ کن سیٹ میں بھی دلچسپ مقابلہ ہوا جہاں اعصام اور روجر کی جوڑی نے ایک سخت مقابلے کے بعد آٹھ چھ سے سیٹ جیت کر فتح حاصل کر لی۔

اس کامیابی کے ساتھ اعصام اور راجرز کی جوڑی نے ومبلڈن مینز ڈبلز کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025