شانگلہ: 'غیرت کے نام' پر بھائی کے ہاتھوں بہن قتل
پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ایک شخص نے اپنی بہن کو مبینہ طور پر 'غیرت کے نام' پر قتل کردیا۔
اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) شیر حسن کے مطابق ملزم خالد نے اپنی 26 سالہ بہن صادقین کو ایک 70 سالہ شخص رفیق اللہ کے ساتھ کمرے میں مبینہ طور پر 'قابل اعتراض' حالت میں دیکھا اور طیش میں آکر اپنی بہن کو قتل کردیا، جو 2 بچوں کی ماں تھی۔
ایس ایچ او کے مطابق اپنی بہن کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے رفیق اللہ کو بھی گولی مار کر قتل کردیا۔
واقعے کے بعد ملزم جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر خالد اور اس کے کزن عمر باچا کے خلاف درج کرلی گئی۔
مزید پڑھیں: 'غیرت' کے نام پر سات سال میں تین ہزار قتل
پاکستان میں ہر سال عزت اور غیرت کے نام پر ایک ہزار سے زائد خواتین کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ایسا اکثر خاندان کے افراد کی جانب سے ہوتا ہے۔
عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے تقریباً 7،852 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
عورت فاؤنڈیشن سے منسلک صائمہ منیر کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گذشتہ برس جولائی میں ہی فیس بک ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل قندیل بلوچ کو بھی ان کے بھائی نے 'غیرت کے نام پر قتل' کردیا تھا۔