نشے میں ڈرائیونگ کی سزا، جسٹن بیبر کا ڈانس
پاکستانی پولیس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ملزمان اور قیدیوں کو سزا دینے کے نت نئے اور انوکھے طریقے اپناتی رہتی ہے لیکن اب حال ہی میں امریکی پولیس نے بھی سزا دینے کا ایک نیا طریقہ دریافت کرلیا ہے۔
امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر وائیومنگ کی پولیس نے نشے میں دھت ہو کر ڈرائیونگ کرنے والوں کو خبردار کیا کہ اگر انھوں نے ایسا کیا تو انھیں جیل کے راستے تک گلوگار جسٹن بیبر کا ڈانس دیکھنا پڑے گا۔
وائیومنگ پولیس نے اس حوالے سے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ایک ٹوئیٹ کی اور لکھا، 'اگر کسی نے نشے میں دھت ہو کر گاڑی چلائی تو اسے جیل تک لے جاتے ہوئے سزا کے طور پر پورے راستے جسٹن بیبر کا ایک اشتہار میں کیا گیا ڈانس دکھایا جائے گا'۔
اس ٹوئیٹ کو اب تک 17 ہزار سے زائد لوگ لائیک اور 10 ہزار سے زائد لوگ ری ٹوئیٹ کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سپر باؤل میچ کے دوران جسٹن بیبر کو تھری پیس سوٹ میں ملبوس ایک اشتہار میں ڈانس کرتے دکھایا گیا تھا۔
وائیومنگ پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد نشے میں ڈرائیونگ کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
دلچسپ اتفاق یہ کہ اس روز اس قسم کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جس پر وائیومنگ پولیس نے شہریوں کو ایک ٹوئیٹ میں سراہا بھی۔