بہاول نگر: پی پی رہنما شوکت بسرا تصادم میں زخمی
صوبہ پنجاب کے شہر بہاول نگر کے علاقے ہارون آباد میں پاکستان مسلم لیگ ضیاء اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں پی پی رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری شوکت محمود بسرا زخمی ہوگئے۔
دونوں گروہوں میں ہونے والی مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں شوکت بسرا کا پرسنل سیکریٹری امتیاز جاں بحق جبکہ وہ خود 3 افراد سمیت زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہارون آباد ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شوکت بسرا پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے 'دہشت گردوں' کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد سے جلد سزا دی جائے۔
بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ان بزدلانہ حملوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو ڈرایا نہیں جا سکتا، شوکت بسرا عوام اور جمہوریت کے سپاہی ہیں جبکہ ان پر ہونے والا حملہ اور سیکریٹری کی ہلاکت کھلی دہشت گردی ہے'۔