• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:37pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:37pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm

’ہونڈائی اب پاکستان میں گاڑیاں بنائے گی‘

شائع February 4, 2017
فائل فوٹو
فائل فوٹو

گاڑیاں بنانے والی جاپانی اور فرانسیسی کمپنیوں کے بعد اب پاکستان میں جنوبی کوریا کی ایک معروف کمپنی بھی مقامی سطح پر اسمبلنگ کا کام شروع کرنے والی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی معروف کارساز کمپنی ’ہونڈائی موٹرز‘ پاکستان میں اپنی گاڑیوں کے اسمبلنگ پلانٹس لگانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں جنوبی کورین کمپنی اور پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنی ’نشاط ملز‘ کے درمیان اشتراکی معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔

نشاط ملز کے ایک عہدے دار نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہونڈائی پاکستان میں اسمبلنگ پلانٹ لگانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'رینالٹ کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ'

ہونڈائی کی پاکستان واپسی سے گاڑیوں کی صنعت پر جاپانی کمپنیوں کی اجارہ داری کو ختم کرنے کی حکومتی کوششوں کو تقویت ملے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں جاپانی کمپنیاں ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی مقامی پارٹنرز کے ساتھ مل کر یہاں گاڑیاں تیار کرتی ہیں اور پاکستان میں چلنے والی تقریباً تمام گاڑیاں ان ہی تین کمپنیوں کی ہوتی ہیں۔

ہونڈائی اور جنوبی کوریا کی ایک اور کمپنی ’کیا‘ موٹرز 2004 تک پاکستان میں اپنی گاڑیاں اسمبل کرتی تھی تاہم ہونڈائی کی مقامی پارٹنر کمپنی دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ کے دیوالیہ ہونے کے بعد کورین کمپنی نے گاڑیوں کی اسمبلنگ بند کردی تھی۔

مزید پڑھیں: 'KIA موٹرز پاکستان میں کاریں اسمبل کرے گی'

فی الحال یہ واضح نہیں کہ جنوبی کوریا کی سب سے بڑی موٹر کمپنی ہونڈائی پاکستان میں کتنی بڑی سرمایہ کاری کرے گی۔

یاد رہے کہ نشاط ملز نشاط گروپ کی ایک ذیلی کمپنی ہے اور اس اعلان کے بعد کمپنی کے شیئرز میں 1.4 فیصد تک اضافہ بھی دیکھنے میں آیا۔

اس سے قبل دسمبر 2016 میں پاکستان کے نجی ادارے لکی سیمنٹ نے جنوبی کوریا کی کار ساز کمپنی 'KIA' کے ساتھ مقامی طور پر کاروں کی اسمبلنگ کے آغاز کا مشترکہ منصوبہ بنایا تھا۔

لکی سیمنٹ نے جنوبی کوریا کی کمپنی کے ساتھ پاکستان میں 'کیا' گاڑیوں کا مینو فیکچرنگ پلانٹ لگانے کیلئے 12 ارب روپے کی شراکت داری کا منصوبہ بنایا ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ برس نومبر میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ فرانس کی کار بنانے والی معروف کمپنی رینالٹ 2018 سے پاکستان میں کاروں کی اسمبلنگ کا آغاز کرے گی۔


کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024