اسلام آباد یونائیٹڈ کی سائیکل ریس
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چمپیئن فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن کی مدد سے دارالحکومت میں سائیکل ریس منعقد کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور ملک میں سائیکلنگ کے کلچر کو عام کرنے کے لیے سائیکل ریس کا اہتمام کیا۔
سائیکل ریس کا ایک مقصد پاکستان کی خوبصورتی کو بھی پیش کرنا تھا۔
پاکستانی ٹیم کے مشہور اسپنر سعید اجمل سمیت اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے اس ریس میں شرکت کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی سفیر مشہور گلوکارہ مومنہ مستحن بھی اس ریس میں شریک تھیں جبکہ اس ریس میں لڑکیوں کی نمائندگی بھی بھرپور تھی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز اگلے ماہ سے متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے جس کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کے علاوہ پشاورزلمی اور کراچی کنگز نے بھی اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کی قیادت میں گزشتہ سال کھیلے گئے لیگ کے پہلے سیزن میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا آغاز 9 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاورزلمی کے درمیان میچ سے ہوگا۔
پاکستان میں 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد غیرملکی ٹیمیں کرکٹ کھیلنے کے لیے نہیں آرہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) غیرملکی ٹیموں کو دورے کے لیے قائل کرنے کی کوششیں کرچکا ہے لیکن کامیابی نہیں ملی۔
پی سی بی نے غیرملکی ٹیموں کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کے لیے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور رواں سال پی ایس ایل کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جہاں غیرملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
تبصرے (1) بند ہیں