• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

شائع January 24, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو کمیشن کے خلاف 'ہتک آمیز' بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کو 21 فروری کو کمیشن کے سامنے پیش ہو کر ان کی جانب سے کمیشن کے خلاف دیے گئے بیان پر وضاحت دینے کو کہا ہے، عمران خان نے کمیشن میں جاری پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کے کیس پر بیان دیا تھا۔

خیال رہے کہ غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے کمیشن میں زیر سماعت کیس میں پیر کے روز عمران خان کے وکیل پیش نہیں ہوئے تھے۔

یہ کیس نومبر 2014 میں اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جس میں انھوں نے پی ٹی آئی کو ملنے والی غیر ملکی امداد کی خرد برد سے متعلق پارٹی کے اہم عہدیداروں پر کرپشن کا الزام عائد کیا تھا۔

چیف الیکشن کمیشن ریٹائر جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں ای سی پی کے فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کمیشن نے پی ٹی آئی کو پارٹی کے تمام ملازمین کے بینک اکاؤنٹس کی اسٹیٹمنٹس اور دیگر متعلقہ دستاویزات جمع کرنے کی ہدایت کی تھی، ان ملازمین کے اکاونٹس کے ذریعے غیر قانونی ذرائع سے رقم وصول کی گئی تھی۔

مطلوب دستاویزات میں امریکا میں موجود دو آف شور کمپنیوں کی رجسٹریشن بھی شامل ہیں، جن کے ذریعے پی ٹی آئی کے پاکستان میں موجود اکاونٹس میں 30 لاکھ ڈالر کی رقم منتقل کی گئی۔

اپریل 2015 میں کمیشن کو جانچ پڑتال کے بعد یہ معلوم ہوا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی آڈٹ رپورٹ کے ساتھ ان دستاویزات کو منسلک نہیں کیا۔

اکبر ایس بابر کی دائر کی جانے والی حالیہ پٹیشن میں عمران خان کے وکیل کی جانب سے کمیشن سے مانگی جانے والی معافی کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئیں تھیں اور عمران خان پر الزام لگایا گیا کہ یہ معاف پی ٹی آئی کے چیئرمین کی جانب سے نہیں مانگی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے وکیل نے اپنی ذاتی حیثیت میں معافی مانگی ہے اور یہ معافی ان کی جانب سے نہیں مانگی گئی۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایک رہنما دوسروں کو تو اخلاقیات کا درس دے رہا ہے لیکن خود مسلسل قانون کے عمل سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے تو وہ متعلقہ دستاویزات پیش کرنے میں کیوں تذبذب کاشکار ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اسحاق خاکوانی کا بیان ریکارڈ پر موجود ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک جونیئر وکیل نے ای سی پی سے معافی مانگی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ غیر ملکی فنڈنگ اور توہین عدالت کے کیسز کی سماعت 21 فروری کو ہوگی۔

یہ رپورٹ 24 جنوری 2017 میں ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024