عثمان خالد بٹ 'پرواز ہے جنون' سے باہر
عثمان خالد بٹ کے مداحوں کے لیے بری خبر ہے کہ اب وہ فلم 'پرواز ہے جنون' میں اداکاری کرتے نظر نہیں آئیں گے۔
اس بات کا انکشاف پروڈیوسر مومنہ درید نے کیا۔
اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ عثمان خالد بٹ، حمزہ علی عباسی کے ساتھ فلم 'پرواز ہے جنون' میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے، تاہم اب اس فلم میں ان کی جگہ احد رضا میر نے لے لی ہے۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے مومنہ درید نے فلم کی کاسٹ میں تبدیلی کے حوالے سے بتایا کہ 'احد اس کردار کے لیے زیادہ بہتر ہیں، ایک وجہ یہ ہے کہ عثمان خالد بٹ اس وقت اپنی فلم 'بالو ماہی' میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے ہماری فلم کی شوٹنگ متاثر ہوگی اور نہ ہی ہم فلم کی تاریخ کو آگے بڑھا سکتے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ فیصلہ ہم سب نے مل کر کیا ہے، امید ہے اگلی بار ہم ساتھ کام کریں'۔
عثمان خالد بٹ کے شامل نہ ہونے کے باعث ان کے کردار کو بھی کچھ حد تک تبدیل کیا گیا ہے، اس حوالے سے مومنہ نے بتایا، 'احد کو بالکل مختلف انداز میں پیش کیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں کہ یہ کردار 19 سال کا ایک لڑکا لگے'۔
مزید پڑھیں: ہانیہ عامر، حمزہ عباسی کے ساتھ فلم میں کاسٹ
مومنہ درید نے فلم کی فائنل کاسٹ بتاتے ہوئے کہا کہ 'ہانیہ عامر، مرینہ خان، حمزہ علی عباسی اور شاز خان اس فلم میں اہم کردار ادا کریں گے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم میں کبریٰ خان کو بھی کاسٹ کیا جاسکتا ہے، تاہم ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا۔
اس فلم کی ہدایات حسیب حسن دیں گے، جبکہ کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی، جنہیں ان کے ڈراموں 'ہمسفر'، 'دیار دل'، اور 'اڈاری' سے مقبولیت ملی۔
پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
فلم میں شوبز کاسٹ کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور پائلٹس کو بھی دکھایا جائے گا۔
فلم 'پرواز ہے جنون' رواں سال ریلیز ہوگی، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔