• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

شائع January 15, 2017

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا جس کا اطلاق 16 جنوری 2017 سے ہوجائے گا اور نئی قیمتیں 31 جنوری تک برقرار رہیں گی۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 77 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 68 روپے 4 پیسے ہوجائے گی۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 77 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

اسحٰق ڈار کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 77 پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 94 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اوگرا کی تجویز کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے 31 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 11 روپے اضافے کی سفارش کی تھی تاہم وزیراعظم نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ 31 دسمبر 2016 کو بھی لیا گیا تھا تاہم سال نو کے موقع پر قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024