اعصام نے سال کا پہلا ٹینس ٹائٹل جیت لیا
پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اعصام الحق نے یہ کامیابی اپنے ملک، خاندان اور دوستوں نام کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس انھوں نے سخت محنت کی جس کا صلہ اب انھیں مل رہا ہے۔
اعصام الحق نے آکلینڈ میں ہونے والے اے ٹی اے کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے پولش ساتھی مارسن میٹکووسکی کے ساتھ حصہ لیا اور فائنل میں ان کا مقابلہ اسرائیلی و امریکی جوڑی جوناتھن ایرلچ اور اسکاٹ لپسکی کے ساتھ تھا۔
اعصام اور مارسن نے یہ مقابلہ 6-1، 2-6 (3-10) سے اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں باہر
کامیابی کے بعد ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ ’یہ کامیابی طویل عرصے بعد حاصل ہوئی ہے، گزشتہ سیزن میرے لیے انتہائی سخت ثابت ہوا، میں چند ٹورنامنٹس کے فائنل تک تو پہنچا لیکن ٹائٹل حاصل نہیں کرسکا تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ 2017 کا شاندار آغاز ہے‘۔
واضح رہے کہ اعصام الحق اور مارسن نے پہلی بار ایک ساتھ کسی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا ہے اور امکان ہے کہ یہ دونوں آئندہ بھی اے ٹی پی ٹورنامنٹس میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
اعصام الحق قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ’جب بھی میں نے مارسن سے جوڑی بنانے کے لئے رابطہ کیا وہ پہلے ہی کسی اور کو منتخب کرچکے ہوتے تھے لیکن مجھے خوشی ہے کہ اس بار مارسن نے میرے ساتھ جوڑی بنانے پر آمادگی ظاہر کی‘۔
مزید پڑھیں: اعصام الحق ومبلڈن مکسڈ ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں
اعصام کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ سیزن میں جتنی محنت کی تھی اس صلہ مجھے مل گیا، میں نے رواں ہفتے کافی اچھا کھیل پیش کیا اور مجھے خوشی ہے کہ سال کے آغاز میں ہی مجھے ایک ٹائٹل مل گیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اپنی اس کامیابی کو اپنے اہل خانہ، اپنے ملک اور مداحوں کے نام کرتا ہوں جنھیں مجھ پر بھروسہ ہے‘۔
مستقبل کے حوالے سے اعصام الحق نے بتایا کہ ’آسٹریلین اوپن اگلے ہفتے سے شروع ہورہا ہے اور میری نگاہیں اس میگا ایونٹ پر مرکوز ہیں، میں پر اعتماد ہوں کہ آئندہ بھی اپنے ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کروں گا‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں ہی شکست کھاکر باہر ہوگئے تھے۔