میری کامیابی میں کسی کا کردار نہیں، ودیا بالن
بولی وڈ اداکارہ ودیا بالن اُن چند اداکاراؤں میں سے ہیں جنہوں نے بولی وڈ میں بغیر کسی بڑے نام اور تعلقات کے کامیابی حاصل کی اور انھیں اس پر فخر ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ودیا بالن کا کہنا تھا کہ وہ بے حد فخر محسوس کرتی ہیں کہ وہ بغیر کسی بڑے نام اور جانی مانی فیملی کے اس بلندی تک آ پائی ہیں۔
38 سالہ ودیا بالن کا کہنا تھا کہ 'اپنے کیریئر کو دیکھتے ہوئے مجھے بےحد خوشی محسوس ہوتی ہے، میں نے کامیابی اپنے بل پر حاصل کی ہے، یہ میری ذات کے لیے میرا پیار ہے جس نے مجھے متاثر کیا، جس کے بعد میری فیملی اور دوستوں نے میری مدد کی اور میں اس مقام تک آپائی '۔
ودیا بالن کو بولی وڈ میں مقبولیت کئی کامیاب فلموں سے ملی جن میں 2006 کی ریلیز ' لگے رہو منا بھائی'، 2009 کی فلم 'پا'، 2010 میں ریلیز ہوئی فلم 'عشقیہ'، 2011 کی فلم 'دی ڈرٹی پکچر' اور 2012 کی فلم 'کہانی' شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فلم 'ڈرٹی بکچر' اور 'کہانی' کے لیے ودیا بالن کو نیشنل ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
ودیا کے بولی وڈ کیریئر میں انہیں کئی تنازعات کا سامنا بھی کرنا پڑا جن میں ان کی شادی اور وزن کا زیادہ ہونا شامل ہیں۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'یہی وجہ ہے کہ میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ افراد کو فالو نہیں کرتی اور یقین کریں مجھے ایسا بھی نہیں لگتا کہ میں نے بہت سی چیزوں کو مس کردیا ہو، البتہ یہ اچھا ہی ہے کہ مجھے معلوم نہیں ہوتا کہ آج کل ہو کیا رہا ہے'۔
ودیا بالن کی آخری ریلیز فلم 2016 کی 'کہانی 2' ہے، جو ان کی کامیاب فلم 'کہانی' کا سیکوئل ہے۔