آزاد کشمیر: مسافر بس کھائی میں جاگری، 5 افراد ہلاک
راولا کوٹ: آزاد کشمیر کے علاقے بحیرہ کے قریب مسافر بس تیز رفتاری کے باعث کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں کم سے کم 5 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مسافر بس راولپنڈی سے فاروڈ کہوٹہ جا رہی تھی کہ اسے حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب نجی چینل نے واقعے میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مسافر بس حادثہ آزاد کشمیر کے علاقے پونچ میں پیش آیا جہاں وہ برفباری کی وجہ بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری، حادثے میں 24 کے قریب مسافر زخمی بھی ہوئے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: وین نالے میں گرنے سے 7 افراد ہلاک
پولیس نے فوری طور پر حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت نہیں بتائی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو کے اہلکاروں اور عام شہریوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے نکالنے کے کام کا آغاز کیا۔
زخمیوں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکومت نے انتظامیہ کو متاثرین کی بھرپور امداد کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
خیال رہے کہ 19 جنوری 2015 کو آزاد کشمیر کے ضلع راولا کوٹ میں مسافر وین برساتی نالے میں گرنے سے 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔