• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

ضابطہ اخلاق:پیمرا کا چینلز کے ساتھ تربیتی پروگرام کا فیصلہ

شائع January 6, 2017 اپ ڈیٹ January 7, 2017

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مختلف ٹی وی چینلز کے اشتراک سے ’پیمرا ضابطہ اخلاق 2015‘ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تربیتی پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس تربیتی پروگرام بعنوان ’پیمرا ضابطہ اخلاق 2015: ہماری مشترکہ ذمہ داری‘ کا باقاعدہ افتتاح 9 جنوری 2017 کو ایک تقریب میں کیا جائے گا، جس میں ملک کے ممتاز صحافی، میڈیا اینکر پرسنز، سول سوسائٹی کے ارکان اور دانشور حصہ لیں گے اور پیمرا ضابطہ اخلاق کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔

اس تربیتی پروگرام کے آغاز کا فیصلہ بعض ٹی وی چینلوں کی انتظامیہ، صحافیوں اور کارکنان کی طرف سے پیمرا ضابطہ اخلاق سے کم علمی کے اظہار کی بنا پر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا نے بھارتی چینلز چلانے پر شرائط عائد کر دیں

پیمرا ضابطہ اخلاق پر مجوزہ تربیتی پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے ابصار عالم کا کہنا تھا کہ پیمرا کے تربیت کار مختلف ٹی وی چینلوں کے رپورٹرز، پروڈیوسرز اور انتظامیہ کے ارکان کے ساتھ جامع مباحثہ کریں گے اور پیمرا ضابطہ اخلاق پر ان کے علم، رائے اور ردِعمل کو جاننے کی کوشش کریں گے۔

اسی طرح ضابطہ اخلاق پر اُن کے ذہنوں میں ابھرنے والے سوالات کا جواب بھی دیا جائے گا۔

اس حوالے سے پہلی تربیتی نشست کا آغاز 13 جنوری 2017 کو اسلام آباد سے کیا جائے گا، جبکہ آنے والے دنوں میں دیگر شہروں میں بھی ٹی وی چینلز کے ساتھ ایسی ہی تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پیمرا نے نجی چینلز کے لائسنس معطل کردیئے

پیمرا کی ٹیمیں وہاں موجود ٹی وی چینلز کے دفاتر کا دورہ کریں گی اور وہاں بھی ایسی ہی تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

9 جنوری کو ہونے والی تقریب میں ملک کے ممتاز صحافی پینل ڈسکشن میں شامل ہوں گے جس کے موضوعات میں ’میڈیا: آزاد مگر کم ذمہ دار‘، ’جعلی تحریر اور جعلی تصویر: سوشل میڈیا کے صحافت پر پڑنے والے منفی اثرات‘ اور ’ریٹنگ بالمقابل سچائی: کیا پاکستان کا الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق کی پیروی کر رہا ہے؟‘ شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024