ایسی گاڑی آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی
ٹویوٹا نے اپنی کانسیپٹ گاڑی آئی کو متعارف کرایا ہے جسے مستقبل کی سواری قرار دیا گیا ہے۔
لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش کے دوران اس مستقبل کے ڈیزائن اور ایرو ڈائنامک ساخت کی گاڑی کو پیش کیا گیا جو کسی سائنس فکشن فلم کا حصہ لگ رہی تھی۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم پر تیار کی گئی ہے جسے یوئی کا نام دیا گیا ہے جس کا مطلب خود سیکھ کر ڈرائیور کے ساتھ بڑھنا ہے۔
کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کا انٹرفیس دنیا بھر کے افراد سے رابطوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کے اندر موجود سسٹمز کی بدولت یہ سواری لائٹ، آواز اور ضروری معلومات خودکار طور پر فراہم کرسکے گی۔
کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ اس گاڑی سے لوگوں کو زیادہ پرجوش اور دوستانہ تجربہ ہوگا اور ڈرائیونگ بہت آسان ہوجائے گی۔
یوئی نامی یہ اے آئی سسٹم گاڑی کے اندر نصب کیا گیا ہے جو لوگوں سے رابطوں کے ساتھ ساتھ خودکار ڈرائیونگ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس گاڑی کے دروازے ڈرائیور یا مسافروں کے قریب آنے پر خود کھل جاتے ہیں۔
اس کی ہیڈ لائٹس درحقیقت آنکھوں کی پلکوں کی طرح جھپکتی یا جھلملاتی رہتی ہیں۔
درحقیقت یہ کسی بڑے سائز کے اسمارٹ فون کی طرح کی گاڑی ہے جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی تاہم یہ کب سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔