• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

ترکی میں عدالت کے باہر دھماکا، 4 افراد ہلاک

شائع January 5, 2017
ترکی کے شہر ازمیر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا — فوٹو / رائٹرز
ترکی کے شہر ازمیر میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا — فوٹو / رائٹرز

ترکی کے شہر ازمیر میں عدالت کے باہر ہونے والے کار بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور کم سے کم 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولو کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور عدالت کا ایک ملازم ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور بھی مارے گئے۔

ازمیر شہر کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ حملے کے پیچھے پی کے کے دہشت گرد تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حملے کی نوعیت اور دہشت گردوں کی شناخت کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ حملہ پی کے کے کے دہشت گردوں نے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالت کے باہر چیک پوسٹ پر پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں نے گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور کورٹ کا ایک ملازم ہلاک ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے مقام سے ایک اور گاڑی ملی ہے جس میں مزید اسحلہ اور دھماکہ خیز مواد موجود ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملہ آور کسی بڑی کارروائی کا منصوبہ رکھتے تھے۔

واضح رہے کہ ترکی میں سال نو کے جشن کے موقع پر بھی ایک نائٹ کلب میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 39 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

اس واقعے میں ملوث حملہ آور کو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے البتہ گزشتہ روز پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ازمیر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 20 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق مبنہ طور پر داعش سے ہے اور وہ وسط ایشیائی اور شمالی افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

گزشتہ 18 ماہ سے ترکی میں دہشت گردی کے واقعات اور بم دھماکوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں سے بعض کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش اور بعض کی کرد جنگجوؤں نے قبول کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024