• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

شائع January 5, 2017

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کراچی کے ہوائی سفر کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی جس کے باعث انھیں علاج کے لیے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسد عمر پی کے 319 کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی آرہے تھے کہ دوران سفر ان کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔

طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے فوری بعد پی ٹی آئی رہنما کو نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے پی ٹی آئی ترجمان خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ اسد عمر کی طبیعت میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوران سفر اسد عمر کے سر میں شدید درد ہوا اور ان کا بلڈ پریشر بھی ہائی تھا، جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔

مزید پڑھیں: اسٹیل ملز کو لیز پر دینے کیلئے سفارشات کی تیاری

خرم شیر زمان کے مطابق اسد عمرکی طبیعت لینڈنگ کے دوران اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے بعد انھیں کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسد عمر کی طبیعت اب بہتر ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسد عمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی اسد عمر اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر میں تلخ کلامی دیکھنے میں آئی تھی۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کے بھائی ہیں۔

اسٹیل ملز کے معاملے پر اسد عمر اپنے بھائی محمد زبیر پر ہی برس پڑے، نجکاری کمیشن کے سربراہ کو کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر آپ بات نہیں سن سکتے تو اجلاس چھوڑ کر چلے جائیں۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو کمیٹی کی بات سننا پڑے گی، بریفنگ میں جھوٹ بولا گیا ہے اور جھوٹ بولنے پر تحریک استحقاق بھی لائی جاسکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسٹیل ملز 2008 تک منافع میں جارہی تھی اور اس کا منافع 19 ارب 40 کروڑ روپے تک پہنچ گیا تھا۔

اسٹیل ملز کو خسارے سے نکالنے کے لیے اسد عمر نے تجویز دی کہ حسین نواز کو اسٹیل ملز کا چیئرمین لگایا جائے کیونکہ وہ اسٹیل ملز کا کاروبار بہتر جانتے ہیں۔

جس پر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی بات کررہے ہیں۔

اسد عمر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ حسین نواز کی تعیناتی کی تجویز ان کے تجربے کی بنیاد پر دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے زبوں حالی کی شکار پاکستان اسٹیل ملز کو لیز پر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کابینہ کی نجکاری کمیٹی سے اسٹیل ملز کو لیز پر دینے کی منظوری کے لیے 18 جنوری کو سفارشات پیش کی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024