• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نایاب پرندوں کا شکار: قطری خاندان چولستان پہنچ گیا

شائع January 4, 2017

لاہور: قطر کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد پنجاب کے ضلع بہاول نگر میں واقع صحرائے چولستان پہنچ گئے جہاں خیمہ زن ہو کر وہ ہجرت کرکے آنے والے نایاب پرندوں کا شکار کریں گے۔

قطر کے سابق نائب وزیراعظم محمد بن خلیفہ الثانی بھی شاہی مہمانوں کے اس قافلے کا حصہ ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھند کی وجہ سے شاہی خاندان کو لے کر آنے والی پرواز کا رخ تبدیل کرکے بہاولپور سے ملتان روانہ کیا گیا جس کے بعد انہوں نے بہاولپور تک کا سفر بذریعہ سڑک طے کیا۔

اس سے قبل شاہی خاندان کے ایک رکن شہزادہ حماد بن جاثم گزشتہ ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں شاہی خاندان کے ہمراہ لاہور پہنچے تھے جہاں وزیراعظم نواز شریف نے جاتی امراء میں ان کی میزبانی کی تھی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ وہ چند روز قبل پاکستان سے واپس جا چکے ہیں۔

شہزادہ جاثم اُس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت کے دوران شریف خاندان کی جانب سے ان کا فراہم کردہ خط پیش کیا گیا تھا جس میں لندن کی جائیداد کی ملکیت کی تفصیل درج تھی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان نے اس خط کو 'جعلی' قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو نااہل قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

قطر کے سابق وزیراعظم شہزادہ جاثم اور احتساب بیورو سے شہرت حاصل کرنے والے سیف الرحمٰن ریڈکو انٹرنیشنل کے مالکان میں سے ہیں، وزیراعظم کی جانب سے پیش کیے جانے والے خط کی مزید تصدیق کے لیے قطری شہزادے نے کمیشن یا عدالت کے سامنے پیش ہونے پر بھی رضامندی کا اظہار کیا تھا، واضح رہے کہ خود قطری شہزادے کا نام بھی پاناما پیپرز میں شامل تھا۔


یہ خبر 4 جنوری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Jan 04, 2017 08:11pm
ویلکم ٹو پاکستان۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024