• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسرائیل فلسطین میں بستیوں کی تعمیر بند کرے: اقوام متحدہ

شائع December 24, 2016
سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا نے اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا—فوٹو: اے پی
سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا نے اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا—فوٹو: اے پی

نیو یارک: اقوام متحدہ(یواین)کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کی زمین پر بستیوں کی تعمیر کے خلاف قرارداد منظور کرلی، جس میں اسرائیل سے بستیوں کی تعمیر ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس قرارداد کی منظوری میں امریکا نے حصہ نہیں لیا۔

سلامتی کونسل میں قرارداد کو پیش کیے جانے کے وقت عالمی سفارتکار اوباما انتظامیہ کی جانب سے خوف زدہ تھے مگر امریکا نے ووٹنگ سے پرہیز کرتے ہوئے قرارداد کو منظور کرنی کی اجازت دی۔

قرارداد کے لیے 14 ممبر ممالک نے ووٹ دیے جب کہ قرارداد کو تالیاں بجاکر منظورکیا گیا۔

خیال رہے کہ سلامتی کونسل کی جانب سے گزشتہ 8 سال کے بعد فلطسینیوں اور اسرائیل سے متعلق کوئی قرارداد پاس کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ: ٹرمپ کی مداخلت سےاسرائیل مخالف قرارداد ملتوی

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے قرارداد کی منظوری کے بعد لکھا کہ امریکا نے اسرائیل کو پیش کی جانے والی اپنی روایتی سفارتی خدمات کے اصولوں کو توڑتے ہوئے اس بار ویٹو کا حق استعمال نہیں کیا اور نہ ہی نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کا دباؤ برداشت کیا۔

اسرائیلی بستیوں کے خلاف منظور کی جانے والی قرارداد سلامتی کونسل کے ممبران نیوزی لینڈ، ملائیشیا، وینزویلا اور سینیگیال کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

اس سے قبل مصر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد اسرائیلی اور امریکی دباؤ پر واپس لی گئی تھی،اسرائیلی حکومت اور ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتظامیہ پر قرارداد کو ویٹو کرنے کے لیے زور دیا تھا۔

یہودیوں کے لیے تعمیر کی جانے والی بستیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، قرارداد—فائل فوٹو: رائٹرز
یہودیوں کے لیے تعمیر کی جانے والی بستیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، قرارداد—فائل فوٹو: رائٹرز

اسرائیل مخالف قرارداد میں امریکا کی جانب سے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کو براک اوباما کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ثابت کرنے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

براک اوباما کا خیال تھا کہ اسرائیلی بستیاں امن کوششوں میں بڑی رکاوٹ ہیں اس لیے بالآخر انہوں نے ووٹںگ میں حصہ نہ لے کر اس بات کو ثابت کردیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل فوری طور مقبوضہ فلسطین کی زمینی حدود سمیت مشرقی یروشلم میں بستیوں کی تعمیرات بند کرے۔

مزید پڑھیں: یورپی یونین کی اسرائیلی بستی منصوبے کی مذمت

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے یہودیوں کے لیے تعمیر کی جانے والی بستیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور یہ کوششیں عالمی قوانین کی عین خلاف ورزی ہیں۔

قراداد کی منظوری کے لیے 9 ووٹ مطلوب تھے، قراداد کی منظوری کے لیے امریکا، برطانیہ، فرانس روس اور چین کے ووٹوں کی ضرورت نہیں تھی۔

فلسطینی مغربی کنارے،غزہ اور مشرقی یروشلم کو آزاد ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں،ان علاقوں پراسرائیل نے 1967 کی جنگ کے بعد قبضہ کرلیا تھا۔

اسرائیل کا موقف ہے کہ بستیوں کی تعمیرات سے متعلق حتمی فیصلہ بھی ان مذاکرات میں حل کیا جائے گا جب فلسطین کی خودمختاری کے مذاکرات کیے جائیں گے۔


یہ خبر 24 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Dec 24, 2016 05:59pm
السلام علیکم: تالیاں بجا کر قرار داد پاس کرنے کا طریقہ پاکستان میں بھی اختیار کیا جائے، ایوانوں میں رونق لگی رہی گی۔ خیرخواہ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024