• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پی آئی اے کی لاہور-کوالالمپور پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

شائع December 19, 2016

کراچی: لاہور سے کوالالمپور جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 898 کا رخ موڑ کر اسے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔

ذرائع کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کے لیے اڑان بھرنے والے پی آئی اے کے طیارے کا ہائیڈرولک پائپ دوران پرواز اچانک پھٹ گیا جس کی وجہ سے طیارے کا رخ موڑ کر اسے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا اور وہاں اس کی مرمت کے بعد اسے کوالالمپور کے لیے روانہ کیا گیا۔

نقشے میں پرواز کا روٹ دیکھا جاسکتا ہے —فوٹو بشکریہ: فلائیٹ اویئر
نقشے میں پرواز کا روٹ دیکھا جاسکتا ہے —فوٹو بشکریہ: فلائیٹ اویئر

اس حوالے سے جب قومی ایئرلائن کے ترجمان دانیال گیلانی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ لاہور سے کوالالمپور جانے والے طیارے کا رخ تکنیکی وجوہات کی بنا پر ’احتیاطی تدبیر‘ اختیار کرتے ہوئے کراچی کی جانب موڑا گیا۔

دانیال گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ طیارے کا رخ کراچی ایئرپورٹ کی جانب سے اس وجہ سے موڑا گیا کیونکہ پی آئی اے کا انجینئرنگ مینٹیننس اسٹیشن کراچی میں موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے انتظامیہ نہیں چاہتی تھی کہ طیارہ کوالالمپور جاکر پھنس جائے، اسی لیے پرواز کو کراچی میں اتار کر طیارہ تبدیل کیا گیا جس کے بعد صبح 4 بجے پرواز کوالالمپور کے لیے روانہ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی لندن-کراچی پرواز میں ’تاخیر‘، مسافر پریشان

طیارے کے روٹ میں اس تبدیلی کی وجہ سے پرواز پی کے 898 چار گھنٹے تاخیر سے کوالالمپور پہنچی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 12 دسمبر کو بھی لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے کراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 788 تاخیر کا شکار ہوئی تھی، جس کے حوالے سے پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی نے بتایا تھا کہ پرواز میں تاخیر تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کی 'اے ٹی آر' طیارے میں آگ لگنے کی تردید

لندن سے کراچی آنے والی مذکورہ پرواز طے شدہ وقت سے تقریباً 18 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی تھی۔

علاوہ ازیں 11 دسمبر کو بھی پی آئی اے کے ملتان سے کراچی جانے والے طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم قومی ایئرلائن نے طیارے میں آگ لگنے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے انھیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔

اس سے قبل رواں ماہ 7 دسمبر کو بھی پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا اے ٹی آر مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ اے ٹی آر کو پیش آنے والے اس حادثے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے پی آئی اے کے تمام اے ٹی آر طیاروں کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کے فیصلے کے بعد تمام 10 اے ٹی آر طیارے بھی گراؤنڈ کردیئے گئے تھے۔

گذشتہ روز شیک ڈاؤن ٹیسٹ کے آغاز کے بعد پرواز کے لیے کلیئر قرار دیئے جانے والے ’اے ٹی آر 42‘ طیارے کے قریب ’صدقے‘ کے طور پر کالے بکرے کی قربانی دی گئی، یہ طیارہ اسلام آباد سے ملتان کے لیے روانہ ہوا تھا۔

پی آئی اے کی 6 اے ٹی آر پروازوں کا آغاز آج سے

پی آئی اے آج بروز پیر (19 دسمبر) سے 6 اے ٹی آر پروازیں آپریٹ کرے گی۔

ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 'ان پروازوں میں فلائٹ پی کے 605 (اسلام آباد تا گلگت)، پی کے 606 (گلگت تا اسلام آباد)، پی کے 249 (اسلام آباد تا کابل)، پی کے 250 (کابل تا اسلام آباد)، پی کے 681 (اسلام آباد تا ملتان) اور پی کے 682 ملتان تا اسلام آباد) شامل ہیں'۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پی آئی نے سی 130 پر گلگت اور چترال پروازیں روانہ کی تھیں جن میں پی کے 605 (اسلام آباد تا گلگت)، پی کے 606 (گلگت تا اسلام آباد)، پی کے 660 (اسلام آباد تا چترال) اور پی کے 661 (چترال تا اسلام آباد) شامل تھیں۔

شیک ڈاون ٹیسٹ میں کلیئرنس حاصل کرنے والے ایک اے ٹی آر طیارے نے گذشتہ روز بھی اسلام آباد سے ملتان سفر کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024