لیفٹیننٹ جنرل بیپن روات بھارت کے نئے آرمی چیف نامزد
نئی دہلی: بھارتی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل بیپن کو نیا آرمی چیف نامزد کرتے ہوئے ایئر فورس سمیت دیگر اہم عسکری عہدوں پر نئی تقرریوں کا اعلان کردیا۔
انڈیا کے نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل بیپن روات کو دو سینئر عہدیداروں پر ترجیح دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: نئے انڈین آرمی چیف کی پہلے ہی روز پاکستان کو دھمکی
بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 'حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل بیپن روات کو نیا آرمی چیف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلے پر 31 دسمبر سے عمل درآمد ہوگا'۔
خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل بیپن روات جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کی جگہ بھارتی آرمی چیف کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
انڈیا کے وزیر دفاع نے یہ بھی ٹوئٹ کیا کہ ایئر مارشل بی ایس دھنوا 31 دسمبر سے بھارتی ایئر چیف کا عہدہ سنبھالیں گے، وہ جنرل دلبر سنگھ کی جگہ لیں گے۔
رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل بیپن روات ایک انفنٹری افسر ہیں انھیں دو سینئر لیفٹیننٹ جنرلز، جن میں مشرقی کمانڈ کے سربراہ پروین بکشی اور جنوبی کمانڈ کے چیف پی ایم ہارز شامل ہیں، کی جگہ آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہندوستانی فوج کے سابق سربراہ نئے پاکستانی آرمی چیف کے معترف
حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں جاری صورت حال، مغرب میں جاری پراکسی وار، مبینہ طور پر سرحد پار دہشت گردی اور ملک کو درپیش دیگر حالیہ ابھرتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کیلئے لیفٹیننٹ بیپن روات کو دیگر لیفٹیننٹ جنرلز میں بہتر پایا گیا۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت کے مذکورہ اعلان کے مطابق جنرل بیپن روات انڈین آرمی کے 26 ویں آرمی چیف ہوں گے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ اعلان سے قبل بھارتی حکومت نے انیل داشمانا کو ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) اور راجیو جین کو انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کا چیف مقرر کیا تھا اور دونوں افسران کو دو سال کیلئے چیف مقرر کیا گیا ہے۔