چنائے ٹیسٹ کا پہلا دن انگلینڈ اور معین کے نام
چنائے: انگلینڈ نے معین علی کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ہندوستان کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔
چنائے میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن 21 رنز پر دونوں انگلش اوپنرز کپتان ایلسٹر کک اور کیٹن جیننگز پویلین لوٹ گئے۔
تاہم معین علی اور جو روٹ نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کیا اور تیسری وکٹ کیلئے 146 رنز جوڑے، 88 رنز بنانے والے روٹ کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی یہ شراکت اختتام پذیر ہوئی۔
لیکن دوسرے اینڈ سے معین ڈٹے رہے اور جونی بیئراسٹو کے ساتھ زید 86 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو میچ میں مضبوط مقام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سنچری بھی اسکور کی۔
پہلے دن کے اختتام سے قبل ہندوستان کو چوتھی کامیابی اس وقت ملی جب بیئراسٹو 49 رنز بنانے کے بعد پویلین سدھارے۔
جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے چار وکٹ کے نقصان پر 284 رنز بنائے تھے، معین علی 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ بین اسٹوکس بھی ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہندوستان پہلے ہی 3-0 سے سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔