راولپنڈی: 239 ملین ڈالر مالیت کی منشیات نذر آتش
راولپنڈی میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، جہاں 51 ٹن منشیات جلا دی گئی۔
نذر آتش کی گئی منشیات کی مالیت 239 ملین ڈالر تھی جو رواں برس کے دوران ایئرپورٹس پر اسمگلرز کے قبضے سے یا اے این ایف کی جانب سے مارے گئے چھاپوں کے دوران برآمد کی گئی۔
تقریب کے موقع پر اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ناصر دلاور شاہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ 10 برس کے دوران 1479 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے 505 کو سزا ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2005 کے بعد سے اب تک 896 ملین ڈالر مالیت کی 298 ٹن پکڑی گئی منشیات نذر آتش کی جاچکی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ افغانستان میں سب سے زیادہ منشیات پیدا اور اسمگل ہوتی ہے۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد پر منشیات اسمگلنگ کی روک تھام سیکورٹی اداروں کے لیے بڑا چیلنج ہے۔
مزید پڑھیں:منشیات اسمگلنگ: پی آئی اے کے 13 ملازمین گرفتار
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول میاں بلیغ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ آج جلائی جانے والی منشیات 'بڑی تگ و دو' کے بعد پکڑی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے منشیات اسمگلنگ روکنا انتہائی مشکل عمل ہے، لیکن اے این ایف اس مشکل کام کو سرانجام دے رہی ہے۔