بالوں کے گرنے سے پریشان؟
کیا آپ کنگھے میں عام معمول سے زیادہ بالوں کو دیکھ رہے ہیں؟ تو آپ تنہا نہیں، درحقیقت دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو عمر بڑھنے پر گنج پن کا سامنا ہوتا ہے۔
اب اس کی وجہ کوئی بھی ذیابیطس، وٹامن کی کمی، تناﺅ، نیند کی کمی یا دیگر امراض، مگر ایسا ہوتا ضرور ہے۔
یقیناً گنج پن کی جانب بڑھنا کس کو پسند ہوسکتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ غذائی عادات میں تبدیلی لاکر بھی ہلکے ہوتے بالوں کو گھنا کیا جاسکتا ہے؟
تو اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہے تو درج ذیل غذاﺅں کو کھانا عادت بنالیں۔
مچھلی
بال پروٹین فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ نئے بالوں کو اگانے کے لیے پروٹین کو کھانے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ سر پر موجود بالوں کی مضبوطی کے لےی بھی یہ ضروری ہے۔ پروٹین بالوں کے لیے ایک ضروری جز کیراٹین کی پیداوار کے لیے بھی ضرورت ہے۔ مچھلی اس حوالے سے بہترین ہے جو اومیگاتھری فیٹی ایسڈز اور وٹامن سے بھرپور ہونے کی وجہ سے بالوں کی صحت کو بہتر بناتی ہے۔
شہد
شہد بھی ہلکے بالوں میں بہتری لاسکتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق کھجلی اور بالوں کے گرنے کی صورت میں 90 فیصد شہد اور 10 فیصد پانی کو ملا کر ایک محلول بنالیں، جسے چار ہفتوں تک ہر دوسرے روز اپنے بالوں پر لگانے سے بالوں کے گرنے کا مسئلہ کم ہوجاتا ہے۔
گریاں اور بیج
ایک تحقیق کے مطابق اومیگا تھری اور اومیگا سکس فیٹی ایسڈز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور گریاں اور بیج چھ ماہ کے اندر بالوں کے گرنے کا مسئلہ ختم کردیتے ہیں، جبکہ بالوں کی نشوونما میں بہتری اور گھنا پن واپس آتا ہے۔ اس حوالے سے اخروٹ انتہائی مفید ہے۔
پالک
ایک تحقیق کے مطابق بالوں کی محرومی کی شکار ہونے والی خواتین میں آئرن اور وٹامن ڈی ٹو کی کمی ہوتی ہے، اس حوالے سے پالک ایک اچھی غذا ہے جو آئرن اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہے، جو اس مسئلے پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
لہسن
لہسن آپ کے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو ختم کرسکتا ہے جس کی وجہ اس میں شامل ایک جز الیسین کی بھرپور مقدار ہے، یہ سلفر کمپاؤنڈ پیاز میں بھی پایا جاتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق بالوں کے گرنے کی روک تھام کے لیے موثر ہے۔ لہسن کو کاٹ لیں اور اس کی پوتھیوں کو سر پر ملیں۔ آپ تیل میں بھی لہسن کو شامل کرکے مساج کے ذریعے یہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔
تیل
یہ ہر کوئی جانتا ہے کہ ناریل کے تیل کا استعمال آپ کے بالوں کو ٹوٹنے سے بچاتا ہے اور انہیں لمبا اور گہرا رکھنے میں مدد دیتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ناریل کا تیل اور لیموں کا جوس ملا کر لگانے سے آپ اپنے بالوں کو لمبے عرصے تک سفید ہونے سے بھی روک سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔