• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سمندری طوفان ’وردھا‘ بھارت سے ٹکراگیا، 7 افراد ہلاک

شائع December 12, 2016
چنئی میں تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے —فوٹو / رائٹرز
چنئی میں تیز ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے —فوٹو / رائٹرز

چنئی: سمندری طوفان وردھا بھارت کی جنوبی ریاستوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور مختلف حادثات میں اب تک 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت کی جنوبی ریاستوں کے ساحلی شہروں میں طوفان اور بارشوں کے باعث ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی جب کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھارت کی بحری اور فضائی افواج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔

وردھا نامی طوفان 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوبی بھارت کی ریاستوں آندھرا پردیش اور تامل ناڈو سے ٹکرایا جس کی وجہ سے ان ریاستوں کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

طوفان کے باعث کئی اضلاع میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ سیکڑوں درخت اکھڑ کر سڑکوں پر آگرے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق تامل ناڈو کے شہر چنئی میں طوفان نے سب سے زیادہ تباہی مچائی جہاں مختلف واقعات میں 7 افراد ہلاک ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک تین سالہ بچہ اور 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

جنوبی بھارت کے عہدیداروں کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان ’وردھا‘ کی وارننگ جاری کیے جانے کے بعد مختلف نشیبی علاقوں سے ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر گئے جب کہ سمندر میں پھنسے 8 ماہی گیروں کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان میں طوفان سے 22 افراد ہلاک،لاکھوں بے گھر

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وردھا طوفان کے جنوبی ریاستوں کے ساحلوں سے ٹکرانے کے بعد ریاست آندھرا پردیش اور تامل ناڈو میں اسکول اور دفاتر بند کردیے گئے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں اور پولیس کے مطابق تیز طوفانی ہواؤوں کے چلنے اور بارش کے باعث نشیبی علاقوں کے 15 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ریاست تامل ناڈو میں فلائٹ آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے جبکہ تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

آندھرا پردیش کے وزیر پی نارائن نے بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا(پی ٹی آئی) کو بتایا کہ وردھا طوفان کی وارننگ جاری کئے جانے کے بعد 9 ہزار 400 افراد صوبے کے دیگر 7 محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہوچکے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے تامل ناڈو کے ادارے کے مطابق طوفان کا الرٹ جاری ہونے کے بعد 7 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں، جب کہ بحریہ کے ڈاکٹرز اور امدادی کارکنوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ہندوستان میں بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 73 افراد ہلاک

یاد رہے کہ وردھا نامی طوفان گزشتہ ہفتے خلیج بنگال اور بحرہند میں واقع انڈمان کے جزائر سے ٹکرانے کے بعد بھارت کی جنوبی ریاستوں میں پہنچا ہے، طوفان کے باعث انڈمان کے جزائر کو سیاحوں سے خالی کرادیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کے جنوبی حصے میں آندھرا پردیش، تامل ناڈو، کرناٹک، کیرالہ اور تلنگانہ ریاستیں واقع ہیں، بھارت کی جنوبی اور مشرقی ریاستوں میں اکثر سیلاب اور طوفان آتے رہتے ہیں۔

رواں برس جولائی میں بھی بھارت کی شمالی ریاستوں میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 40 سے زائد افراد اور لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے تھے، جولائی میں ہونے والی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بھارت اور نیپال میں مجموعی طور پر 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ سال بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے درالحکومت چنئی سمیت دیگر شہروں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب کے باعث 200 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہوئے تھے۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024