کریم کی 'شادی سروس' سے پریشانیاں دور
ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے شادیوں کے لیے مخصوص سروس کا بھی آغاز کردیا۔
کریم کے مطابق، 'شادیوں کے سیزن کے دوران، ڈانس پارٹیز سے لے کر مرکزی تقریب تک کریم ہر چیز کا اُس وقت تک خیال رکھے گی، جب تک آپ کے مہمان موقع پر پہنچ نہ جائیں'۔
مزید کہا گیا کہ 'ہمارے کیپٹن (ڈرائیورز) آپ کی ہر ضرورت کا خیال رکھیں گے اور ساتھ ہی کسی بھی تبدیلی یا دیگر مسئلے کی صورت میں ہمارا اسٹاف آپ کی مدد اور رہنمائی کرے گا'۔
اس مقصد کے لیے صارفین کو کریم کی ویب سائٹ پر جاکر ایک فارم کے ذریعے خود کو رجسٹر کرانا ہوگا اور ساتھ ہی اپنے مہمانوں کی لسٹ بھی شامل کرنی ہوگی، اس موقع پر انھیں رعایتی یا مفت سروس کا آپشن بھی دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کے مزید 5 شہروں میں کریم سروس کا آغاز
ویب سائٹ کا مزید کہنا تھا کہ 'کریم گاڑیوں کو سجانے کی اجازت نہیں دے گی، تاہم گاڑیوں کے مالکان اس بات کی اجازت دینے کے کُلی طور پر مجاز ہوں گے'۔
2012 میں سروس کا آغاز کرنے والی کریم مشرق وسطی کے 32 شہروں میں اپنی ٹیکسی سروس عوام کو فراہم کررہی ہے، جن میں دوحہ، دبئی، کویت، شارجہ، قاہرہ اور جدہ وغیرہ شامل ہیں۔
پاکستان میں کریم نے اپنی سروس کا آغاز گذشتہ برس کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کریم نے پاکستان میں خواتین ڈرائیورز بھی متعارف کرادیں
گذشتہ دنوں کریم نے پاکستان میں خواتین ڈرائیورز بھی متعارف کروائیں جو مرد و خواتین دونوں طرح کے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچاسکیں گی۔
پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے خراب نظام اور شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے باعث 'کریم' جیسی کار سروسز عوام کے لیے ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا ثابت ہوئی ہیں۔