سندھ زرعی یونیورسٹی کے باہر دھماکا، رینجرز اہلکار زخمی
ٹنڈو جام: صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد کے علاقے ٹنڈوجام میں واقع سندھ زرعی یونیورسٹی کے باہر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یاسر نامی رینجرز اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنھیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔
ریموٹ کنٹرول بم ایک سائیکل میں نصب تھا جو مرکزی حیدرآباد-میرپورخاص روڈ پر رینجرز کی گاڑی کے نزدیک دھماکے سے پھٹ گیا۔
رینجرز اہلکار زرعی یونیورسٹی کے باہر تعینات تھے اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر وہاں پیٹرولنگ کر رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق دھند کی وجہ سے رینجرز اہلکار سائیکل پر توجہ نہیں دے سکے تھے۔
مزید پڑھیں:لاڑکانہ میں رینجرز چوکی پر بم حملہ، ایک اہلکار ہلاک
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کو جائے وقوع سے گرفتار کرلیا جبکہ اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئیں کہ جائے وقوع سے ایک اور ریموٹ کنٹرول بھی برآمد کیا گیا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثر وبیشتر رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: رینجرز کی چوکیوں پر بارودی مواد سے حملے
رواں برس جولائی میں لاڑکانہ میں میروخان چوک کے قریب رینجرز چوکی کے قریب 2 بم حملوں کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل رواں برس مارچ میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے کراچی میں رینجرز کی 2 چوکیوں کو کچھ منٹ کے وقفے سے بارودی مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کوئی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں:کراچی میں خودکش حملہ، دو رینجرز اہلکار ہلاک
نومبر 2015 میں کراچی میں بلدیہ اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
مارچ 2015 میں بھی کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ چوک پر ہونے والے خودکش حملے میں رینجرز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔